رنگ روڈ ساؤتھ کیلئے اراضی لیتے وقت قوانین کو مدنظر رکھا جائے، رانا نذر الرحمان

رنگ روڈ ساؤتھ کیلئے اراضی لیتے وقت قوانین کو مدنظر رکھا جائے، رانا نذر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پاکستان رپورٹ) انجمن شہریان لاہور کے صدر نذر الرحمان رانا نے مطالبہ کیا ہے کہ رنگ روڈ ساؤتھ کیلئے جو اراضی حاصل کی جا رہی ہے اس کے حصول کے سلسلے میں قوانین کو مدنظر رکھا جائے اور اس کے معاملات شفاف طریقے سے چلائے جائیں اور پبلک کی آگاہی کیلئے قوانین مشتہر کئے جائیں۔ اس وقت بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو رہا اور حصول اراضی کے سلسلے میں تمام امور کو خفیہ رکھا جا رہا ہے جس سے ان شبہات کو تقویت ملتی ہے کہ شاید اس معاملے میں کرپشن ہو رہی ہے۔ بیرون ملک جو پاکستانی مقیم ہیں اور ان کے نام پر یہاں اراضی موجود ہے ان کے عزیز و اقارب بھی اپنے اپنے مفادات کے حصول کیلئے کام کررہے ہیں اور مالکان اراضی کو درست معلومات نہیں دے رہے جس کا مقصد بھی بنیادی طور پر مفادات کا حصول ہے۔ رانا نذر الرحمان کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ ساؤتھ کیلئے جس افسر کو ریکوزیشن کا کام سونپا گیا ہے وہ بھی معاملات کو شفاف طریقے سے نہیں چلا رہے کیونکہ اس طرح اربوں روپے کی ادائیگیاں ہونی ہیں اس لئے اس کام کیلئے کسی ایسے افسر کا تقرر ہونا چاہئے جو ادائیگیوں کے سلسلے میں دیانتداری برت سکے۔ موجودہ افسر سے ایسی توقع اس لئے نہیں کی جاسکتی کیونکہ وہ معاملات کو خفیہ رکھ رہے ہیں اور عوام الناس کے استفادے کیلئے عام نہیں کر رہے۔ اس لئے بہتر یہ ہے کہ اس کام کیلئے اچھی شہرت کے حامل نیک نام افسر کا تقرر کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجاب کی حکومت نے اس سلسلے میں رفاہی اداروں کو بھی معاف نہیں کیا اور ایک ہسپتال کو جو سڑک کی زد میں آ رہا تھا ایکوائر کرتے وقت کوئی معاوضہ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی رانا نذر الرحمان کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں جدوجہد کرے گی اور اگر عدالتوں سے رجوع کرنا پڑا تو ایسا بھی کیا جائے گا۔ انجمن شہریان لاہور کے قانونی مشیر جہانگیر اے جھوجھہ نے لینڈ ایکوزیشن کے قوانین پر روشنی ڈالی اور مطالبہ کیا کہ ان پر عمل کیا جائے۔ پریس کانفرنس میں پنجاب ٹیچرز یونین کے نائب صدر، تاج حیدر اور انجمن شہریان کے نائب صدر تقریبات ثاقب بٹ بھی موجود تھے۔

مزید :

صفحہ آخر -