وزیراعظم یو این میں مسئلہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے پیش کرینگے،برجیس طاہر

وزیراعظم یو این میں مسئلہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے پیش کرینگے،برجیس طاہر

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف کو بھر پور انداز میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مسئلہ کشمیر سے متعلق دو ٹوک موقف ہے او ر اسی موقف کی ترجمانی وزیراعظم محمد نواز شریف نے ماضی میں بھی اپنے جنرل اسمبلی کے خطبات میں کی اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کی خواہش کے مطابق وہاں رائے شماری کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے بھی دنیا پر واضح کر چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیرجنوبی ایشاء میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال انتہائی خراب ہے اور ظالم بھارتی فوج نہتے کشمیری نوجوانوں پر چھرے والی بندوقوں سے وار کر کے اُن کو عمر بھر کی بینائی سے محروم کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ وزیراعظم انسانی حقوق کی اس شیدید پامالی اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے پس منظر میں مسئلہ کشمیر کو جنرل اسمبلی کے عالمی فورم پر بھر پور انداز سے اٹھائیں گے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے علاوہ دنیا کے تمام فورمز پر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کو بے نقاب کر رہا ہے۔ اور اپنے کشمیری بھائیوں کی دنیا کے تمام فورمز پر سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم پر پردہ ڈالنے کے لیے فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملے کا ڈھونگ رچایا تاکہ پاکستان اور کشمیریوں پر الزام لگا کر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی بھارت پٹھان کوٹ اور سمجھوتہ ایکسریس جیسے خود ساختہ و اقعات کا ڈرامہ کر چکا ہے جس میں بعدازاں پاکستان کے خلاف پروپگنڈا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھارت کے ان مذموم ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہے اور بھارت ایسی مذموم کاروائیاں سے پرامن تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بہادر اور غیور کشمیری عوام اپنی تیسری نسل بھی آزاد ی کی راہ پر قربان کر چکے ہیں اور آج آنے والی نئی نسل بھی آزاد ی اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ گمان کرناکہ وہ تشدد سے کشمیری عوام کو دبا سکتا ہے ، ایک دیوانے کے خواب سے کم نہیں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق رائے شماری تک بہادر کشمیری عوام کی پر امن تحریک آزادی جاری رہے گی اور اس ضمن میں بھارت کے تمام اوچھے اور ظالمانہ ہتھکنڈے پہلے کی طرح ناکامی سے دو چار ہوں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -