پاک ڈنمارک سرمایہ کاری سے دو طرفہ تلعقات مستحکم ہونگے :گورنر سندھ

پاک ڈنمارک سرمایہ کاری سے دو طرفہ تلعقات مستحکم ہونگے :گورنر سندھ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاک ڈنمارک تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں ، ڈینش سرمایہ کاروں کی صوبہ سندھ سمیت پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے اس سے دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک ڈنمارک تجارتی حجم 425 ملین ڈالر ز ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے جو ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ میں انتہائی نا گزیر ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈنمارک کے سفیر Ole Thonke Mr.سے گورنر ہاؤس میں ملاقات میں کیا ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مزید کہا کہ ڈینش حکومت کا فیصلہ ’’ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی ڈینش کمپنیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ‘‘ وقت کی اہم ضرورت ہے اس وقت بھی پاکستان میں ڈنمارک کے سرمایہ کار انرجی اور ٹیکسٹائل سیکٹرز کے علاوہ دیگر منصوبوں پر کام کررہے ہیں جس سے دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ڈنمارک متبادل توانائی کے شعبہ خصوصاً ونڈ پاور Wind Power میں بہت زیادہ تجربہ کا حامل ہے اگر ڈنمارک کے سرمایہ کار صوبہ میں متبادل توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہیں تو ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آپریشن ضرب عضب سے امن وامان کا قیام عمل میں آیا جبکہ سول اور عسکری قیادت اس بات پر متفق ہے کہ مکمل قیام امن تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ، آج پوری دنیا اس بات کا اعتراف کررہی ہے کہ پاکستان میں کامیاب آپریشن ضرب عضب سے قیام امن ممکن ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں بڑھتی ہوئی دلچسپی خوش آئند ہے اس ضمن میں حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے ۔اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ڈنمارک کے سرمایہ کار صوبہ سندھ سمیت پاکستان میں انرجی اور ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت دیگر منصوبوں میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ ڈنمارک جغرافیائی لحاظ سے ایک چھوٹا ملک ہے جس کا انحصار دیگر ممالک کے ساتھ باہمی تجارت پر ہے ، ڈینش حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کررہی ہے تاکہ دو طرفہ تجارت کے فروغ میں مدد مل سکے ،ڈنمارک کی کو شش ہے کہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری پاکستان میں کی جا ئے تاکہ اس سے روزگار کے وسیع موقع دستیاب ہو سکیں اس اقدام سے پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمہ میں مدد بھی ملے گی ۔ ڈنمارک کے سفیر نے گورنر سندھ کو سرمایہ کاروں کو صوبہ میں سرمایہ کاری کرنے پر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -