ہیلمٹ کے لازمی استعمال کا شعور اجاگر کیا جائے، آئی جی سندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے احکامات کے تناظر میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے شعور اجاگر مہم کے آغاز کو صوبائی سطح پر یقینی بنایا جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون ہیلمٹ کے استعمال کی افادیت اور عدم استعمال کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں کو پہنچنے والے شدید جانی نقصانات کی معلومات کی باقاعدہ تشہیر کا احاطہ کرتے ہوئے ایک ماہ پر مشتمل آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ ممکنہ حادثات کی صورت میں موٹرسائیکل سواروں کو سر پر لگنے والی شدید ضرب سے محفوظ رکھا جاسکے ۔انہوں نے مذید کہا کہ شہر میں موٹرسائیکل پر کرتب دکھانے اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور ہیلمٹ کے استعمال پر عمل درآمد سختی سے کرایا جائے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پررپورٹ دفتر ہذا ارسال کی جائے۔