آزاد کشمیر ،بینک الفلاح کا برانچ لیس بینکاری کیلئے اشتراک
کراچی(اکنامک رپورٹر) بینک الفلاح نے ملک میں مالیاتی خدمات تک عوام کی رسائی کو ممکن بنانے کے اپنے عزم کی تکمیل کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اپنی برانچ لیس بینکاری کی سہولت متعارف کرانے کے لیے اسپیشل کمیونی کیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے ساتھ اشتراک کرلیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے 60لاکھ سے زائد صارفین کو ’’ ایس پیسہ‘‘ کے نام سے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل بینک الفلاح کی برانچ لیس بینکاری کی آسان اور محفوظ سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایس سی او کے ساتھ بینک الفلاح کی شراکت داری سے ان علاقوں میں برانچ لیس بینکاری پر مبنی مالیاتی خدمات کو فروغ دینے کے ساتھ بینکاری کی خدمات سے محروم افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ دونوں اداروں کے مابین قائم ہونے والی اس اہم شراکت داری کے لیے معاہدے کی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عامر عظیم باجوہ، ڈپٹی ڈی جی ایس سی او برگیڈیئر محمد زمان، ایس سی او کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ ریگولیٹری افیئرز برگیڈیئر افتخار الوہاب، بینک الفلاح کی گروپ ہیڈ ریٹیل ساؤتھ اینڈ این ائی مہرین احمد، گروپ ہیڈ اسلامک بینکنگ رضوان عطا، ہیڈ آف برانچ لیس بینکاری امار نوید اخلاص اور ہیڈ آف سیلز اینڈ ڈسٹری بیوشن سیدعمار حیدرنے شرکت کی۔ بینک الفلاح کی برانچ لیس بینکاری خدمات ’’ایس پیسہ‘‘کے آغاز سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو رقوم کی ترسیل، یوٹلیٹی بلوں کی ادائیگی اور موبائل فون میں بیلنس لوڈ (ٹاپ اپ ) کروانے کی سہولت حاصل ہوگی۔ان بنیادی او ٹی سی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ہی بینک الفلاح ملک میں مالیاتی خدمات سے محروم طبقے کو مالی طور پر خودمختاربنانے کے اپنے عظیم مقصدسے ایک قدم اور قریب پہنچ گیا ہے۔اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بینک الفلاح کی گروپ ہیڈ ریٹیل ساؤتھ اینڈ این ائی مہرین احمد نے کہا کہ ’’یہ شراکت داری ہمارے لیے بے حد اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس شراکت داری کے ذریعے ہمیں زیادہ سے زیادہ صارفین کو خدمات فراہم کرتے ہوئے مالی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے اپنے ان مقاصد کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی جو حکومت کی ترجیحات سے بھی ہم آہنگ ہیں۔ہمیں بھرپور امید ہے کہ ایس پیسہ کی سہولت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی روزہ مرہ بینکاری ضروریات کو احسن انداز میں پوراکرتے ہوئے ان علاقوں میں طویل عرصے سے پائی جانے والے مالیاتی خدمات کے فقدان کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔‘‘اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایس سی او کے ڈی جی میجر جنرل عظیم باجوہ نے کہا کہ ’’ہم آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے لیے بینکاری کی خدمات تک رسائی ممکن بنانے کے لیے بینک الفلاح کے ساتھ ہونے والی اس شراکت داری پر بے حد مسرور ہیں۔ ایس پیسہ کی سہولت نہ صرف لاکھوں افراد کی زندگی آسان بنانے کا ذریعہ بنے گی بلکہ اس خطے کی دیرپا بنیادوں پر سماجی و معاشی ترقی میں بھی بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ‘‘