خیبر ایجنسی ،افغانستان جانیوالے بے گھر وزیر ستانی واپس آنا شروع

خیبر ایجنسی ،افغانستان جانیوالے بے گھر وزیر ستانی واپس آنا شروع

  

خیبر ایجنسی ( بیورورپورٹ)بد امنی کی وجہ سے افغانستان چلے جانے والے بے گھر وزیرستانی طورخم کے راستے واپس آنا شروع ، جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین سے جلال آباد اور دیگر افغان علاقوں میں مقیم تھے ، علاقے میں امن قائم ہونے کے بعد واپسی کا فیصلہ کیا ، فاٹا میں امن کے قیام پر خوش ہیں ، سو کے قریب خاندان افغانستان میں رہائش پذیر ہیں جو جلد واپس آئینگے ، جان نور مسعود کی طورخم میں میڈیا سے گفتگو ۔ جنوبی وزیر ستان کے علاقے مکین سے بد امنی اور فوجی آپریشن کی وجہ سے افغانستان کے صوبے ننگر ہار مہاجرت کرنے والے مسعود قبیلے کے سو خاندان واپس پاکستان اور اپنے گھروں کی طرف آنے کے لئے تیار ہیں ابھی تک چارخاندان طورخم بارڈر کے راستے واپس پاکستان آچکے ہیں طورخم بارڈر پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جان نور مسعود نے کہا کہ مسعود قبیلے کے سو کے قریب خاندان مکین اور جنوبی وزیر ستان کے دیگر علاقوں سے بد امنی اور فوجی آپریشن کی وجہ سے افغانستان چلے گئے تھے انہوں نے کہا کہ اب چونکہ مکین جنوبی وزیرستان میں دیرپا امن قائم ہو چکاہے اور امن کے قیام پر وہ انتہائی خوش ہیں اس لئے انہوں نے افغانستان سے واپس پاکستان اور اپنے گھروں کی طرف رخت سفر باندھ لیا ہے اور انتہائی مسرت محسوس کر رہے ہیں کہ وہ اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں جان نور مسعود نے کہا کہ اب چونکہ امن بھی قائم ہے اور ان کے علاقے میں واپسی کے لئے رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے اس لئے افغانستان کے جلال آباد اور دیگر علاقوں میں مہاجرت کی زندگی گزارنے والے سو کے قریب مسعود قبائلی خاندانوں نے واپس اپنے وطن پاکستان آنے کا فیصلہ کر دیا ہے اور ابھی تک چار خاندان طورخم کے راستے پاکستان واپس آچکے ہیں جبکہ دیگر خاندان اپنا سامان اکھٹا کر کے جلد پاکستا ن آینگے انہوں نے کہا کہ چار سال پہلے دہشت گردی اور بد امنی کی وجہ سے انہوں نے اپنا علاقہ چھوڑ کر افغانستان کی طرف نقل مکانی کی تھی جس کے پیچھے کوئی اور مقاصد نہیں تھے واضح رہے کہ پاکستان کی بعض سیاسی قیادت نے بھی وقتاً فوقتاً افغانستان مہاجرت کرنے والے وزیرستانی قبائل کی واپسی کے مطالبات کئے تھے اور اب چونکہ وزیرستان میں کامیاب فوجی آپریشن کے بعد امن قائم کر دیا گیا ہے اور تمام بے گھرافراد کی اپنے علاقوں کو واپسی کا عمل زور و شور سے جاری ہے اس لئے افغانستان ہجرت کرنے والے وزیرستان قبائل بھی واپس طورخم کے راستے آرہے ہیں اور رجسٹریشن کے عمل سے گزرنے کے بعد اپنے گھروں کو منتقل ہو جاینگے ۔

مزید :

پشاورصفحہ اول -