ضلع سوات میں ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو ضلع بدر کر دیا جائے گا،محمود خان
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل،سیاحت،آثار قدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے ضلع سوات کے قومی تعمیر کے محکموں کے ضلعی سربراہوں کوہدایت کی ہے کہ ضلع سوات میں تمام سکیموں پر کام کی رفتار تیزکی جائے اور تمام سکیموں کو وقت مقررہ سے پہلے مکمل کیا جائے ۔انہوں نے تنبیہہ کی کہ ضلع سوات میں کام نہ کرنے والے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو ضلع بدر کر دیا جائے گا۔یہ ہدایات انہوں نے ضلع سوات کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اپنے دفتر پشاور میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں محکمہ ہائے آبنوشی،مواصلات و تعمیرات،آبپاشی،تحصیل میونسپل انتظامیہ کے افسران،ای ڈی او محکمہ خزانہ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کے دور درازاور پسماندہ علاقوں میں بالعموم اور ضلع سوات میں باالخصوص اربوں روپے کی ترقیاتی سکیموں پر عملی کام شروع کر رکھا ہے جن کی تکمیل سے علاقے کے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ پورے صوبے کے عوام کو ایک مثبت تبدیلی نظر آئے گی اور پسماندہ اور غریب عوام بھی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترقیاتی کام،عوام کا حق ہیں جنکی تکمیل کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی محکمانہ غفلت اور سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مٹہ فاضل بانڈہ روڈ اور باغ ڈھیری سکیم سمیت ضلع کی تمام ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیزکرنے اور انہیں مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنیکی بھی ہدایات جاری کیں تاکہ عوام جلد از جلد ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔