وفاقی حکومت کا چھوٹے صوبوں سے امتیازی سلوک وفاق کیلئے خطرہ ہے، سکندر شیرپاؤ

وفاقی حکومت کا چھوٹے صوبوں سے امتیازی سلوک وفاق کیلئے خطرہ ہے، سکندر شیرپاؤ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر خان شیر پاؤ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ قومی ترقیاتی پروگرام سے پختونوں کو نظر اندازکرنے اور انہیں اپنے حق سے محروم کرنے سے پختونوں میں بے چینی پیدا ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ وفاقی حکومت کا چھوٹے صوبوں سے امتیازی سلوک وفاق کیلئے بھی خطرہ ہے جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور شہر سے آنے والے ایک پارٹی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیر پاؤ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو این ایف سی ایوارڈ کے بروقت اجراء کو یقینی بناناچاہیے تاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کو اس ایوارڈ سے اپناجائز حصہ مل سکے۔سینئر وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخواکو نیشنل پول سے بجلی کے جائز حصے سے بھی محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے صوبے میں تجارتی سرگرمیاں اور سرمایہ کاری کے مواقع متاثر ہو رہے ہیں۔سکندرشیر پاؤ نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کو حقوق دیئے بغیر ملکی و قومی ترقی نا ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ پختونوں پر اقتصادی ،ثقافتی اور سماجی طور پر حملے کئے جا رہے ہیں اور پختونوں میں پائی جانے والی نا امیدی اور مایوسی میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پختون امن پسند قوم ہیں اس لئے وفاقی حکومت کو انکے حقوق اور مسائل کے حل کیلئے تمام ممکن اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ خطے میں برداشت اور پائیدار امن کے کلچر کو فروغ دیاجاسکے۔انہوں نے پختونوں کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر جنگ کرنے اور اس سلسلے میں ہر قومی اور عالمی فورم پر آوازبلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔