بھارتی جنگی جہاز مقبوضہ کشمیر میں تباہ ہونے سے بچ گیا ،سری نگر ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی جنگی جہاز’’مگ 21‘‘کے ٹائروں میں آگ لگ گئی، مکمل تباہ ہونے سے بال بال بچ گیا ،سری نگر ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ،پائلٹ اور جہاز کسی بڑی تباہی سے بچ گئے ۔
بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق بھارتی لڑاکا طیارہ ’’مگ 21‘‘ کو دوران پرواز تکنیکی خرابی کی وجہ سے سری نگر ائیر پورٹ پر ہنگامی صورتحال میں اتار لیا گیا ،لینڈنگ سے قبل ’’ہنگامی حالت‘‘ کا اعلان کرتے ہوئے ائیرپورٹ کو دیگر پروازوں کے لئے بند کر دیا گیا تھا جبکہ فائیر برگیڈ کی درجنوں گاڑیوں اور آگ بجھانے والے اہلکاروں کی بڑی تعداد کو ائیرپورٹ پہنچا دیا گیا تھا ۔بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ دوران پرواز لڑاکا طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی کے باعث پائلٹ کو ہنگامی طور پر سری نگر ائیر پورٹ پر لینڈ نگ کا کہا گیا ،شک تھا کہ جنگی جہاز کے انجن میں آگ لگی ہے لیکن ہنگامی طور پر ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران جہاز کے ٹائر بری طرح جھلس گئے تاہم پائلٹ محفوظ رہا اور جہاز کو محفوظ طریقے سے بچا لیا گیا ہے ۔
دوسری طرف بھارتی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی لینڈنگ کے دوران ائیرپورٹ کو دیگر پروازوں کے لئے بند کر دیا جاتا ہے ،آپریشن مکمل ہونے کے بعد ائیرپورٹ کو آپریشنل ہونے میں تھوڑی تاخیر تو لگتی ہے۔