بگرام ایئر بیس پر قید پاکستانی کی بازیابی کے لئے حکومت کاغذی کارروائیوں کی بجائے عملی اقدامات کرے ،ہائی کورٹ کی ہدایت

بگرام ایئر بیس پر قید پاکستانی کی بازیابی کے لئے حکومت کاغذی کارروائیوں کی ...
بگرام ایئر بیس پر قید پاکستانی کی بازیابی کے لئے حکومت کاغذی کارروائیوں کی بجائے عملی اقدامات کرے ،ہائی کورٹ کی ہدایت

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی ) چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے افغانستان کے بگرام ائیر بیس میں قید پاکستانیوں کی تمام معلومات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئین کے تحت پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے ،حکومت پاکستانیوں کی بازیابی کے لئے کاغذی کارروائیوں کی بجائے عملی اقدامات کرے جبکہ وفاقی حکومت نے افغانستان کی بگرام جیل میں قید پاکستانیوں کی بازیابی کے لئے اقدامات پر بے بسی ظاہر کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ حکومت اس معاملے میں کچھ نہیں کرسکتی۔فاضل جج نے سلطانہ نون کی طرف سے بگرام جیل میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات جاننے اور ان کی بازیابی کے لئے دائردرخواست کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کی طرف سے بیرسٹر سارہ بلال نے موقف اختیار کیا کہ وزارت خارجہ نے اپنے حالیہ بیان میں اعتراف کیا ہے کہ بگرام جیل میں 141افراد قید ہیں جن میں سے زیادہ کا تعلق پاکستان سے ہے، انہوں نے استدعا کی کہ بگرام جیل کے پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے اور ان کی بازیابی کا حکم دیا جائے، وزارت خارجہ کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل حنا حفیظ اللہ اور سٹینڈنگ کونسل نصر مرزا نے دو صفحات پر مشتمل جواب داخل کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بگرام جیل امریکہ کے زیر انتظام ہے اور افغانستان ایک حساس علاقہ ہے، پاکستانی حکومت بگرام جیل کی پالیسی میں مداخلت نہیں کر سکتی، انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے میں صرف گفت و شنید کر سکتی ہے، اس سلسلے میں امریکی حکام سے سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے،ملائیشیا اور دوست ممالک کی طرح افغانستان سے مثالی سفارتی تعلقات نہیں،معاملے کی حساسیت کی بناءپر وفاقی حکومت اقدامات کر رہی ہے،عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ آئین کے تحت پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے،حکومت پاکستانیوں کی بازیابی کے لئے کاغذی کاروائیوں کی بجائے عملی اقدامات کرے،عدالت نے وفاقی حکومت کو کارکردگی رپورٹ اور بگرام ائیربیس پر قید پاکستانیوں کی تمام تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے بگرام جیل میں قید پاکستانیوں کے جرائم کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

مزید :

لاہور -