وزیراعظم سے جاپانی ہم منصب کی ملاقات،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت رکوانے کیلئے دباﺅ ڈالے:نوازشریف
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف سے جاپان کے ہم منصب شینزوایبے نےملاقات کی جس میں نوازشریف نے جاپانی وزیراعظم سے پاکستان کی نیوکلیئر سپلائیرز گروپ میں شمولیت کے معاملے کا جائزہ لینے کی درخواست کی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت رکوانے کیلئے دباﺅ ڈالے ۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں نوازشریف نے جاپانی وزیراعظم کو دہشتگردی کیخلاف کامیابی سے جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھا کہ جاپان پاکستان کا قریبی دوست اور ترقیاتی شراکت دار ہے ،دونوں ملک تجارت ،سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ دونوں ممالک سائنس و ٹیکنالوجی ،بنیادی ڈھانچے اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں بھی معاون ہیں ،توقع ہے مزید جاپانی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی جبکہ جاپان پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار بھی ہے ،دونوں ملکوں کا باہمی تجارتی حجم ایک ارب چھیاسی کروڑ ڈالر ہے ۔
اقوامی متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکی صدر اوباما کا آخری خطاب پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں
نوازشریف نے اس موقع پر جاپانی وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا اور نیوکلیئر سپلائیرز گروپ میں پاکستان کی شمولیت کے معاملے کا جائزہ لینے کا بھی کہا ۔انہو ںنے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں پرتشدد کاروائیاں بند کروانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے ،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے ،مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔وزیراعظم نوازشریف کا کہناتھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کیلئے تیارہے ۔
نوازشریف سے ملاقات کے دوران جاپانی وزیراعظم نے نوازشریف کو انسداد دہشتگردی اور معاشی اصلاحات کیلئے پاکستان کو تعاون کی پیشکش کی ۔جاپانی وزیراعظم شینز وایبے نے کوئٹہ اور دوسرے شہروں میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی کیخلاف پاکستانی کوششوں کو سراہا ۔شینزوایبے نے پرامن ہمسائیگی کے لیے نوازشریف کے وژن کو سراہا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں ۔