جہانگیر خان کی زیرصدارت پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین کا اجلاس

جہانگیر خان کی زیرصدارت پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین کا اجلاس

لاہور( فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی وژن لاہور سنٹر میں مرکزی صدر پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین (سی بی اے) جہانگیر خان کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں لوکل باڈی کے عہدیداران اورمختلف شعبہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی ۔اجلاس میں مشعل یونین کے نمائندگان نے میڈیکل کی سہولت کی عدم دستیابی پر ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی پر اظہارِ خیال کیا ۔یونین نمائندگان نے بتایا کہ ماضی میں پی ٹی وی ملازمین پر اتنے برے حالات کی کوئی نظیر نہیں ملتی ۔عرصہ 9 ماہ سے پینل پر موجود میڈیکل سٹورز اور ہسپتالوں کی ادائیگیا ں التوا کا شکار ہیں اور پی ٹی وی کے مریضوں کو عدم ادائیگیوں کی وجہ سے نا تو ادویات فراہم کی جارہی ہیں اور نا ہی ہسپتالوں میں چیک کیا جا رہا ہے ۔یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان نے چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ظہور احمد برلاس سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی وی ملازمین کے اس سلگتے مسئلے کو فی الفور حل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی انتظامیہ اس مسئلے کی سنگینی کو اہمیت نہیں دے رہی ۔

جہانگیر خان نے پی ٹی وی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر میڈیکل کی عدم سہولت کی وجہ سے کوئی ملازم اگر کسی حادثہ کا شکار ہو گیا تو اس کی ذمہ دار پی ٹی وی انتظامیہ ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین ملازمین کے حقوق کے تحفط کی ضامن ہے اور ان کے حصول کے لئے کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کرے گی ۔مرکزی صدر نے کہا کہ اگرمیڈیکل کے مسئلے کو فی الفور حل نا کیا گیا تو احتجاج کا راستہ اپنایا جائے گا ۔

مزید : کلچر