کارپوریٹ سیکٹر کی فلموں میں دلچسپی بڑھنے لگی

کارپوریٹ سیکٹر کی فلموں میں دلچسپی بڑھنے لگی

لاہور(فلم رپورٹر)کارپوریٹ سیکٹر کی فلموں میں دلچسپی بڑھنے لگی۔ دو سال میں ریلیز ہونے والی فلموں میں کارپوریٹ سیکٹر نے بڑی سرمایہ کاری کرکے فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس حوالے سے یہ بھی اطلاعات ہیں کہ کچھ فلموں میں بہت زیادہ برانڈنگ کی جارہی ہے جس سے فلم کا تسلسل بھی متاثر ہورہا ہے۔ کراچی میں بننے والی فلموں پر کاپوریٹ سیکٹر جن میں بینک، فاسٹ فوڈ چین، سافٹ ڈرنگ، موبائل فون کمپنیز و دیگر شامل ہیں سرمایہ کاری کرنی شروع کر دی ہے جس کی واضح جھلک فلموں میں بآسانی نظر آرہی ہے۔ جبکہ دو سالوں کے عرصے کے دوران کچھ فلموں میں بے تحاشہ برانڈنگ کی وجہ سے سینماء گھر میں فلم سے زیادہ برانڈنگ کا عنصر نمایاں ہوگیا۔ فلم انڈسٹری کے افراد نے کارپوریٹ سیکٹر کو فلموں میں سرمایہ کاری کرنے کو فلم انڈسٹری کے لئے خوش آئند قرار دیا ہے۔

دوسری طرف فیشن انڈسٹری کی ماڈلز کی فلموں میں انٹری کے بعد فیشن ڈیزائنرز بھی ان دنوں فلم انڈسٹری سے اپنے آپ کو منسلک کرنے کی تگ ودو میں مصروف عمل ہیں کئی فیشن ڈیزائنرز نے پوری فلموں کے لئے اپنے برانڈز کے ملبوسات تیار کرکے اپنی خوب برانڈنگ کروانے کے ساتھ فلم میں ایک آدھ سین بھی کر ڈالا۔ فی الحال ابھی فلموں میں ٹاپ ڈیزائنرز ہی اپنی کلیکشن پیش کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں جبکہ نئے فیشن ڈیزائنرز نے فلم کے پروڈیوسرز سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ اس حوالے سے زرائع کا کہنا تھا کہ فیشن انڈسٹری کی ماڈلز فیشن ڈیزائنرز کو فلم انڈسٹری کا حصہ بنانے کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔

مزید : کلچر