حکومت ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی کرے،خادم حسین
لاہور(پ ر) ممتازتاجر رہنما وفیروز پور بورڈ لاہور کے سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل کی جانب سے برآمدی پیکیج کو بہتر بنانے کیلئے کمیٹی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی پیداواری لاگت زائد ہونے کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں مناسب حصہ نہیں مل رہا اس لیے حکومت مصنوعات کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے موثر اقدامات کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایکسپورٹ پیکیج کے اثرات کے تفصیلی تجزیے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو پیکیج میں بنیادی تبدیلیاں کرکے اسے مزید موثر بنائے گی انہوں نے کہا کہ برآمدات میں کمی کی اہم وجہ مہنگی بجلی بھی ہے جس میں کمی کی جانی انتہائی اہم ہے۔بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ہی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں کمی کی جاسکتی ہے ۔اس لیے برآمدی پیکیج میں موجود اربوں روپے کی رقم صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے استعمال کی جائے تاکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ میں کمی ہوسکے۔