بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ، ملک بھر سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین نیب

بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ، ملک بھر سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہیں: ...

اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیوروکے چیئرمین قمرالزمان چودھری نے کہا ہے کہ 2017ء کے دوران نیب بلوچستان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے علاقائی بیورو بلوچستان کے اپنے الوداعی دورے کے موقع پر نیب افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قمرالزمان چودھری نے عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں نیب بلوچستان کی احتساب اور ایڈمنسٹریشن کے تمام شعبوں میں معیار برقرار رکھنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کا اعلی ادارہ ہے جس کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کو قومی اور عالمی سطح کے اداروں نے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بلوچستان نیب کا اہم بیورو ہے جو نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں نیب بلوچستان شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے جہاں بدعنوانی کے خلاف جنگ کو قومی فرض کے طور پر ادا کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے بعد انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کئے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی نے2016ء کے دوران نیب بلوچستان کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔

مزید : صفحہ آخر