توانائی منصبوں کی تکمیل سے ملک پر چھائے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں:شہباز شریف

توانائی منصبوں کی تکمیل سے ملک پر چھائے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں:شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جرمنی کی توانائی کی بین الاقوامی کمپنی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی،جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔جرمن کمپنی نے پنجاب میں توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر دلچسپی کا اظہارکیا۔وزیر اعلی نے جرمن وفد کے ساتھ جرمن زبان میں گفتگو کی اورجرمن وفد نے وزیر اعلی کی جرمن زبان پر دسترس کی تعریف کی ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کے باعث لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ توانائی کے متعدد منصوبوں کو برق رفتاری کے ساتھ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے جس کے باعث ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر انتہائی محنت کے ساتھ کام کیا گیا ہے ۔ حکومت نے روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی توانائی منصوبوں کو مکمل کیا ہے اورتوانائی کے منصوبے نہایت شفاف انداز سے مکمل کئے گئے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے گزشتہ کئی برسوں سے ملک پر چھائے اندھیرے ختم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس کی بنیادپر3600 میگا واٹ کے پاورپلانٹس ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے توانائی کی مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر 1200میگا وا ٹ کا نیا گیس پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے اورگیس سے بجلی کے حصول کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں پر کام کرنے کے حوالے سے محنت ،امانت ،دیانت اورجہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔3600میگاواٹ کے گیس منصوبوں میں 168ارب روپے بچائے گئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں بچت کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔توانائی منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں ۔ جرمن وفد کی قیادت کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو نائب صدر برائے مشرق وسطیٰ و نارتھ افریقہ جین کلاڈ کر رہے تھے جبکہ کمپنی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، چیئرمین پنجاب تھرمل پاور کمپنی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹری توانائی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔الزام تراشی اور جھوٹ پرمبنی منفی سیاست کرنے والے عناصر کو عوام نے ہر بار مسترد کیا ہے۔ملک محنت، خدمت اور دیانت سے آگے بڑھتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار کا شاہکار ہیں۔ اربوں روپے کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کا چار سالہ دور شفافیت ، دیانت ، امانت اور محنت سے عبارت ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔سی پیک حقیقی معنوں میں ایک گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب ٹیک آف کر چکا ہے۔ پاکستان کے عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور ہم عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اورملک کی ترقی ا ور عوام کی خوشحالی مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا نصب العین ہے۔ گزشتہ سوا 4برس سے خدمت خلق کے لئے دن رات ایک کررکھا ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں نے عوام کو ریلیف دیاہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کی ترقی کے لئے متوازن ترقیاتی پالیسی اپنائی ہے۔ شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وسائل کا رخ پسماندہ او رکم ترقی یافتہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز دئیے گئے ہیں۔ تعلیم اورصحت سمیت سماجی ترقی کے بڑے منصوبے جنوبی پنجاب میں مکمل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل پر عوام کا حق ہے اور یہ حق انہیں لوٹا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی رضا حیات ہراج سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول