عمران خان کو ضمنی انتخابات میں مسلسل شکستوں نے چڑچڑا بنا دیا،پیپلز پارٹی

عمران خان کو ضمنی انتخابات میں مسلسل شکستوں نے چڑچڑا بنا دیا،پیپلز پارٹی

کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینزکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو نے اپنے بیان میں عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلسل شکستوں نے عمران خان کو چڑچڑے پن کا شکار بنا دیا ،حاکم علی زرداری پر بولنے والا بتائے کہ ان کے والد کو کس جرم کے تحت نوکری سے نکالا گیا تھا؟۔حیدرآباد میں منعقدہ تحریک انصاف کے جلسہ کے حوالے سے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ سندھ میں کسی بھی ایک سیاسی ورکر کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہوئی اور عمران کو سندھ کی صورتحال کے بارے میں علم ہی نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ حیدرآباد کے جلسے کے بارے میں عمران کو بڑی خوش فہمی تھی جو دور ہو گئی،دریں اثناء انچارج میڈیا سیل بلاول ہاؤس سریندر ولاسائی نے حیدر آباد میں عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنہوں نے کٹھ پتلی خان کو گالیوں کا لائسنس دیا وہ بھی اس کی گالیوں کی زد میں آنے والے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران کو سیاسی لباس پہنانے سے اس کا ماضی نہیں چھپ سکتا ۔ سریندر ولاسائی نے کہا کہ نوکری اور سیاست میں فرق نہ سمجھنے والا جھوٹا شخص ملک کیسے چلا سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ سندھ کے سیاسی کچرے کو اکٹھا کر کے پی پی کو چیلنج کرنے والے کو ناکامی ہوگی۔

پیپلز پارٹی/ردعمل

مزید : صفحہ اول