میکسیکو میں پھر ہولناک زلزلہ،درجنوں عمارتیں منہدم ،60سے زائد افراد ہلاک

میکسیکو میں پھر ہولناک زلزلہ،درجنوں عمارتیں منہدم ،60سے زائد افراد ہلاک

میکسیکو سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی امریکی ملک میکسیکو میں دو ہفتے کے دوران دوسرا خوفناک زلزلہ آیا جس سے ملک کے کئی علاقے ایک بار پھر لرز اٹھے اور ابتدائی طور پر ملنے والی اطلاعات کے مطابق بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا جبکہ حکام کی جانب سے اب تک 59 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق و سطی میکسیکو میں آنیوالے زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 1 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 123 کلومیٹر جنوب شمال میں واقع قصبے پیوبلا کے قریب تھا۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد ہزاروں افراد اپنے دفاتر سے باہر نکل آئے اور شاہراہوں پر ٹریفک جا م ہوگیا۔میکسیکو میں منگل کے روز 1985 ء کے تباہ کن زلزلے کی یاد تازہ کی جارہی تھی جس میں 10 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔واضح رہے دو ہفتے قبل میکسیکو کے ساحلی علاقوں میں آنیوالے شدید زلزلے کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے، جبکہ پورے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔زلزلے کا مرکز میکسیکو کے جنوب مغربی ساحلوں کے نزدیک تھا جس کی وجہ سے جنوب مغربی میکسیکو میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ساحل سے 100 میل دور تھا جبکہ اس کی شدت 8.1 ریکارڈ کی گئی، جو میکسیکو میں گذشتہ ایک صدی کے دوران سب سے تباہ کن زلزلہ ہے۔گزشتہ روز میکسیکو میں شدید زلزلے کے باعث دارالحکومت میکسیکو سٹی میں کئی عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں اور شہر میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ہیں افراتفری پھیل گئی ۔ شدید زلزلے کے بعد ٹیکسیکو سٹی کا ہوائی اڈا بند کر دیا گیا،شہر میں عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔ منہدم عمارتوں تلے متعدد لوگوں کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

میکسیکو زلزلہ

مزید : صفحہ اول