2018ء کے انتخابات میں عوامی طاقت سے مخالفین کو تاریخی شکست دینگے :آصف زرداری
لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات قریب ہیں کارکن انتخابات کی تیاری کریں، 2018 کا سال پیپلز پارٹی کا سال ہے،پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی سوچ رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نوجوانوں کو ہرگز مایوس نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین و سابق وزیرا عظم سید یوسف رضا گیلانی،سابق گورنر پنجاب و جنوبی پنجاب پارٹی کے صوبائی صدر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیاجبکہ اس موقع پر سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی، فیڈرل کونسل و منشورکمیٹی کے رکن عبدالقار شاہین اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب مخدوم مرتضیٰ محمود بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت کافی مشکلات در پیش ہیں ہم پاکستان کو دوبارہ کھڑا کریں گے، جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والا خود کرپشن پر تاحیات نا اہل ہو چکا۔ وفاقی و صوبائی حکومت پنجاب ہر محاذ پر نا کام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی پر یقین رکھتی ہے،لوٹ مار کرنے والوں کیلئے 2018 کے انتخابات یوم احتساب ہونگے، عوام کے ووٹ کی طاقت سے اپنے سیاسی مخالفین کو تاریخی شکست سے دو چار کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کے عہدیداران پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی صوبائی تنظیموں سمیت ڈویثرنل و ڈسٹرکٹ تنظیموں کے ساتھ ساتھ ذیلی تنظیموں کی تنظیم سازی جلد از جلد مکمل کر کے ناراض کارکنوں سے رابطے کر کے انہیں پارٹی میں دوبارہ واپس لا کر ان کے وسیع تجربے کی روشنی میں پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں پارٹی بھرپور قوت کے طور پر سامنے آرہی ہے، اب نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ مخدوم احمد محمود نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو یقین دلایا کہ وہ جنوبی پنجاب میں پارٹی تنظیموں کی تنظیم سازی سمیت ناراض کارکنوں کو دوبارہ واپس لا کر پارٹی کو 1970 اور 1977 والی پوزیشن پر لانے کیلئے مضبوط اور فعال بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بہت جلد جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی با اثر سیاسی شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کو تیار بیٹھی ہیں لیکن ہم انہیں مناسب وقت پر پارٹی قیادت کی مشاورت سے سامنے لائیں گے۔