محرم کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائینگے: حیدر اشرف

محرم کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائینگے: حیدر اشرف

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے گی۔ تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ جات میں امن کمیٹی کے ممبران اور علمائے کرام سے ہر لمحہ مکمل کوآرڈینیشن میں رہیں۔ہر سال کی طرح اس سال بھی SOPپر مکمل عمل درآمد کروایا جائے۔ تمام ہوٹلز میں ہوٹل آئی سوفٹ ویئر کے استعمال کو یقینی بنائیں اور تمام کرایہ داران کو مکمل واچ کریں۔ حساس مجالس ، جلوسوں اور امام بارگاہوں پر بھاری نفری تعینات کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز اپنے دفتر میں محرم الحرام کے حوالہ سے افسران کے اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز اطہر اسماعیل، ایس پی سکیورٹی لاہور عبادت نثار، ایس پی ہیڈ کوارٹرزعاطف نذیراورایس پی اینٹی رائٹ محمد نوید سمیت تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقوں میں ڈسٹرک گورنمنٹ کے ممبران کے ہمراہ جلوسوں کے روٹس کا دورہ کریں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیں۔ سرچ اینڈ کامبنگ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر کیئے جائیں۔ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے کیمرہ، وینٹیج پوائنٹ، واک تھرو گیٹس ، میٹل ڈیٹیکٹر ز، خار دار تاریں و روف ٹاپ ڈیوٹی لگائی جائے۔تمام ایس پیزاس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے علاقہ جات میں نصب کیمرے 100 فیصد درست ورک کر رہے ہیں اور مزید کیمرے بھی نصب کیئے جائیں۔۔ سیف سٹی اتھارٹی سے مکمل رابطہ میں رہیں۔ فلیگ مارچ کیئے جائیں تاکہ شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا ہو۔دہشت گردی کے پیشِ نظرڈیوٹی پر بھیجنے سے پہلے اہلکاروں کو مکمل بریف کیا جائے۔ ایس پی سکیورٹی عبادت نثار نے کہا کہ محرم الحرام میں لیڈیز مجالس یا بڑی مجالس پر لیڈیز فورس کو مکمل بریف کر کے تعینات کیا جائے۔ پانی کی سبیل / نیازکو چیک کیا جائے۔ سپیشل برانچ سے مکمل کوآرڈینیشن میں رہیں۔

مزید : علاقائی