کے الیکٹرک کے توانائی کے تحفظ کے اقدامات میں ہزاروں طلباء کی شرکت

کے الیکٹرک کے توانائی کے تحفظ کے اقدامات میں ہزاروں طلباء کی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کے توانائی کے تحفظ کے اقدام کے تحت شہر بھر کے 12,000سے زائد طلبا ء نے بجلی کی بچت کرنے کے عزم کودوہرایا۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’اس پروگرام کے ذریعے ہم نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ وہ مستقبل کے توانائی کی بچت کے لیڈر بن سکیں۔اس پروگرام کے پارٹنر اسکولوں اور ان کی انتظامیہ سمیت اساتذہ کا ردعمل بہت مثبت رہا ۔ان تمام لوگوں کے تعاون سے ہم آئندہ کی نسلوں میں بجلی کی بچت کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کررہے ہیں ۔‘‘اس اقدام کے تحت اسکولوں کے طلباء میں بجلی کی بچت کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی کہ بجلی کی بچت کیلئے انہیں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں ۔نوجوانوں کو آسان، تفریحی اور دلکش انداز میں تربیت فراہم کرنے کیلئے پاکستان کے قومی نصاب پر مشتمل بچوں کیلئے ماحول دوست انفو گرافکس کا استعمال کیا گیا ۔اس مہم کے ذریعے اسکول کے بچوں کو توانائی کی بچت کا چیمپیئن بنانے کیلئے چار اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ان تجاویز میں بچوں کو بتایا گیا کہ ٹی وی یا اپلائنسز کو اسٹینڈ بائی پررکھنے کی بجائے اسے بند کریں ، کمرہ خالی ہونے کی صورت میں لائٹوں اور پنکھوں کو بند کریں، ایئر کنڈیشنر کو 24یا 26ڈگری پر چلائیں اور جتنا ممکن ہو سورج کی روشنی پر انحصارکریں۔کیپٹن پاور: اس پروگرام میں کیپٹن پاور کے نام سے ایک اینی میٹڈ کارٹون بھی دکھایا گیا جس میں ایک سپر ہیرو توانائی کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں بتاتے ہوئے ایک ایسے خاندان کی کہانی بیان کرتا ہے جوتوانائی کے موثر استعمال کو فروغ دیتی ہے۔یہ اینی میٹڈ ویڈیو اسکول کے بچوں اور اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کیلئے دکھائی گئی تاکہ ان کے رویے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکے اور اس اچھی عادت کے ذریعے ملک کے مستقبل کو روشن کیا جاسکے۔اس اقدام میں داؤد پبلک اسکول، سینٹ جوزف، سینٹ پیٹرک، شاہین پبلک اسکول، کراچی پبلک اسکول اور بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کے علاوہ دیگر اسکولوں نے شرکت کی ۔ویڈیو گیم: جدید کمیونیکیشن ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے اس اسکول پروگرام میں توانائی کے تحفظ کے اقدامات پر مبنی ٹائم چیلنج کے ساتھ ایک دلچسپ ویڈیو گیم بھی پیش کیا گیا۔طلباء اس گیم کے ذریعے ہونے والی گفتگو سے بے حد لطف اندوز ہوئے جس میں توانائی کے تحفظ کے اقدامات کے ذریعے بجلی کے بلوں کو کم کرنے کی اہمیت کے بارے میں بتایا گیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر