پیپلز پارٹی آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے: یوسف رضا گیلانی

پیپلز پارٹی آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے: یوسف رضا گیلانی

کبیروالا(تحصیل رپورٹر) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے انجمن صحافیاں وپریس کلب کبیروالا کے صدر راؤ ناصر یامین ،جنرل سیکرٹری ملک عمر طارق کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفدکے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، آئندہ الیکشن 2018ء میں ہی ہوں گے،انشاء اللہ!آنیوالے قومی انتخابات میں پیپلزپارٹی ’’سرپرائز کامیابی ‘‘ حاصل کرے گی (بقیہ نمبر46صفحہ12پر )

اورعوام کے ووٹوں اور سپورٹ سے حکومت بھی بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی ’’مخلوط حکومت ‘‘ بنائے تھی اور اپنی اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلی تھی ،اتحادی جماعتو ں کے ساتھ ملکر ’’مخلوط حکومت ‘‘ بنانے اور اتحاد ی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کے والے سے پیپلز پارٹی وسیع تجربہ رکھتی ہے ،امکان ہے کہ آئندہ الیکشن کے نتیجے میں بننے والی اسمبلیاں ’’معلق ‘‘ ہوں گی اور کسی بھی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں حاصل ہوگی ۔پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے ،جس کی جڑیں ملک کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر موجود ہیں ،پیپلز پارٹی کا اپنا منشور ہے ،وہ کسی حکومت یا شخصیت کے ساتھ نہیں ہے بلکہ آئین،عوام اور قومی اداروں کے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی حامی ہے ،اس حوالے سے پیپلز پارٹی نے سینٹ سے جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کی آئینی حیثیت کا بل پاس کرادیا ہے ،ماضی میں جب ہماری حکومت تھی ،اگراس وقت سینٹ میں ہمیں اکثریت حاصل ہوتی تو ’’جنوبی پنجاب ‘‘ کب کا صوبہ بن چکا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ این اے 120میں دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح پیپلز پارٹی بھی اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے محنت کررہی ہے ،اب نتیجہ کوئی دور بات ہیں ،آئندہ چندروز میں این اے 120کا فیصلہ سامنے آجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ’’مردم شماری ‘‘ پر تحفظات ہیں،اس حوالے سے سینٹ اور قومی اسمبلی میں ہماری پارلیمانی کمیٹی نے اپنا نقطہ نگاہ جمع کرادیا ہے ،آئندہ الیکشن میں تحصیل کبیروالا سمیت ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر امیدواروں کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا،جو تمام امیدواروں کے انٹرویو کے بعد امیدواروں کی فائنل لسٹ بنائے گا،آپ دیکھیں گے کہ جب امیدواروں کے انٹرویو ہورہے ہوں گے ،اس وقت ٹکٹ لینے والوں میں لائنیں لگی ہوں گی ،وہ لوگ بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوں گے ،جو آج کہیں اور کھڑے دکھائی دے رہے ہیں ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع خانیوال کے جنرل سیکرٹری حاجی ملک قاسم رضا تھہیم، بے نظیر بھٹو شہید کے سابق سیکورٹی افسر میجر(ر) امتیاز حسین اعوان ،ڈویژنل نائب صدر ملک محمد علی اعوان ،ہمایوں خان نیازی ،پیپلز پارٹی اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے عہدیداران وکارکنان چوہدری انیس ناصر،چوہدر ی انتظار حسین ،میاں غلام عباس سہو،رانا اشرف نون،حفیظ سعیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر