وزیر اعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات آئس بریکر ، او آئی سی اجلاس میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن میانمار بھیجنے پر اتفاق: تہمینہ جنجوعہ

وزیر اعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات آئس بریکر ، او آئی سی اجلاس میں اقوام ...
وزیر اعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات آئس بریکر ، او آئی سی اجلاس میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن میانمار بھیجنے پر اتفاق: تہمینہ جنجوعہ

  

نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی امریکی نائب صدر سے ملاقات آئس بریکر ہے، پاکستان میں دہشتگردی افغانستان سے ہوئی ہے، او آئی سی کے اجلاس میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن میانمار بھیجنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک گئی سیکرٹری خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی 6ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں جبکہ امریکی نائب صدر سے ملاقات امریکہ کی خواہش پر ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے بات چیت کے ذریعے تناو¿ دور کرنے پر زور دیا، امریکی نائب صدر سے ملاقات آئس بریکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام مسائل پر حقیقت پسندانہ موقف اختیارکیا، پاکستان بھی چاہتاہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کا دور بحال رہے۔ امریکی نائب صدر سے ملاقات میں ملاقات میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا اور افغانستان میں بھارت کو اہم کردار دینے سے متعلق بھی بات کی گئی، پاکستان میں دہشت گردی افغانستان سے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکہ بات چیت کیلئے اکتوبرمیں ایک وفدپاکستان بھیجے گا،پاکستان آنے والے امریکی وفد سے تمام معاملات پر تفصیلی بات کی جائے گی۔ افغان صدر سے وزیر اعظم کی ملاقات نہ ہونے کے حوالے سے سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں وقت زیادہ لگنے کی وجہ سے اشرف غنی سے ملاقات نہیں ہوسکی،افغان صدرسے ملاقات کا وقت دوبارہ طے کیا جائے گا۔

انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے مسئلے پر ہونے والے او آئی سی اجلاس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے اور ان سے متعلق فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن میانمار بھیجنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ روہنگیا مسلمانوں سے متعلق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔

مزید : قومی /اہم خبریں