امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی خانہ کعبہ میں پاکستان کیلئے خصوصی دعا، کیا کہا؟ ویڈیو دیکھ کر فرط جذبات سے آپ کی آنکھیں بھی چھلک پڑیں گی
مکہ مکرمہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس سے پاکستانیوں کی محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، کسی بھی پاکستانی کے سامنے امام کعبہ پکارا جائے تو وہ فوری طور پر ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا نام لے گا اوراس کی وجہ ان کی انتہائی میٹھی آواز میں تلاوت قرآن پاک ہے جو پاکستانیوں کی اکثریت نے پی ٹی وی پر سنی ہے۔ڈاکٹر عبدالرحمان بھی پاکستانیوںسے خصوصی محبت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خانہ کعبہ میں پاکستان کیلئے خصوصی دعا کرائی جس کی ویڈیو ذیل میں ہے جبکہ ان کی دعا کا ترجمہ ویڈیو کے بعد دیا جارہا ہے۔ یہاں یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ امام کعبہ کی یہ ویڈیوممکنہ طور پر رمضان المبارک کی 27 ویں شب کی ہے۔
۔۔۔ امام کعبہ کی پاکستان کے حق میں دعا کی ویڈیو ۔۔۔
(امام کعبہ کی دعا کا اردو ترجمہ)
اے اللہ ہمارے پاکستانی بھائیوں کے حالات بہتر فرما، اے اللہ ان کے دل جوڑ دے اور ان کی صفوں میں اتحاد پیدا فرما، اپنی مقدس کتاب اور سنت رسول ﷺ پر انہیں اتحاد و اتفاق کی توفیق عطا فرما۔ اے اللہ ان کے دلوں کو ایمان اور سنت کے نور سے بھردے، اے اللہ انہیں بھائی چاے کی نعمت سے مالا مال فرمادے، شیر و شکر فرما، نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کا دست و بازو بنادے۔
اے اللہ سعودیوں اور پاکستانیوں کو ایمان و سلامتی عطا کردے،نیک بخت بنا اور سکون کی دولت عطا فرما، اے عظمت و کبریائی والی ذات، اے اللہ مسلمانوں کی جانوں کی حفاظت فرما،اے اللہ دہشتگردی اور فرقہ بندی سے مسلمانوں کی حفاظت فرما۔ اے عظمت و کبریائی والی ذات، اے اللہ اس وطن کو اسلام کے نام سے آباد رکھ، اے اللہ اس وطن کی اسلامی شناخت کی حفاظت فرما۔
اے اللہ پاکستان اور سعودی عرب کو شریروں کے شر سے محفوظ رکھ،بد کرداروں کی سازشوں سے حفاظت فرما، دن یا رات میں حملہ کرنے والوں سے حفاظت فرما، اے اللہ حاسدین کے حسد سے بچا، اے اللہ دشمنوں کے حملوں سے محفوظ فرما، اے دو جہانوں کے رب،
اے ہمارے رب ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا فرما، اور ہمیں آخرت میں بھی بھلائی عطا فرما اور ہمیں قبر کے عذاب سے بچا
اے اللہ ہماری دعائیں قبول فرما ، بیشک تو سننے والا اور دیکھنے والا ہے، اور ہماری توبہ قبول فرماکیونکہ تو معاف کرنے والا اور رحم کرنے والا ہے، اے اللہ ہماری، ہمارے والدین کی اور تمام مسلمانوں کی مغفرت فرما۔