سیف سٹی پروجیکٹ کو مزید مربوط اور مضبوط بنایا جائے:وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی یوم عاشورہ میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سیف سٹی پراجیکٹ اسلام آباد کے دفتر پہنچ گئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار خان آفریدی سیف سٹی پروجیکٹ کے دفتر پہنچ گئے جہاں انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے کئے جانے والے سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا،آئی جی اسلام آباد نے وزیر مملکت کو عاشورہ کے جلوس سے متعلق بتایا کہ اسلام آباد میں 17 جلوس برآمد ہوںگے،اسلام آباد میں 2586 سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں جس میں پولیس ایف سی شامل ہیں ۔
وزیر مملکت نے کنٹرول روم میں نصب مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جلوسوں کا معائنہ بھی کیا،ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات لینے کے احکامات جاری کئے ،سیف سٹی پروجیکٹ میں ٹیکنکل سٹاف کی مزید تعیناتی کے احکامات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ،سیف سٹی پروجیکٹ کو مزید مربوط اور مضبوط بنایا جائے۔