اسلام کے نام پر دوسروں کو نقصان پہنچانے والوں کا اس دین سے کوئی تعلق نہیں،ہمیں اپنی صفوں میں یکسوئی اور رویوں میں برداشت پیدا کرنا ہو گی :گورنر پنجاب

اسلام کے نام پر دوسروں کو نقصان پہنچانے والوں کا اس دین سے کوئی تعلق ...
 اسلام کے نام پر دوسروں کو نقصان پہنچانے والوں کا اس دین سے کوئی تعلق نہیں،ہمیں اپنی صفوں میں یکسوئی اور رویوں میں برداشت پیدا کرنا ہو گی :گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر دوسروں کو نقصان پہنچانے والوں کا اس دین سے کوئی تعلق نہیں،آج پوراعالمِ اسلام اپنے ماضی کی شاندار روایات اور عظمت و شوکت سے محروم نظر آتا ہے تو اُس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم نے اسلام کے بنیادی نقطے اتحاد و ایمان سے نظریں چُرا رکھی ہیں اور اپنی عظیم روایات کو فروعی اختلافات اور فرقوں کی نظر کر رکھا ہے،وقت کا تقاضا اور محفوظ مستقبل کی کامیابی یہی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں یکسوئی اور اپنے رویوں میں برداشت پیدا کرتے ہوئے عالم اسلام اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کریں۔

 گورنر ہاؤس لاہور میں علمائے کرام اور دینی رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہوئےگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان دُنیا کی واحد اسلامی مملکت ہے جو نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی،یہی نظریہ ہمارے دین اور ایمان کا حصہ ہے اور اس کا صحیح تشخص اُجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے، شہدائے کربلا نے حق و صداقت اور اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اسلام کو نئی روح بخشی ،ہم اس نبیﷺ  کے پیروکار ہیں جنہوں نے ہمیشہ محبت، رواداری اور بھائی چارے کا دَرس دیا ہے، اسلام کے نام پر دوسروں کو نقصان پہنچانے والوں کا اس دین سے کوئی تعلق نہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہ کی پالیسی پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ تمام انتظامی معاملات کو خود ذاتی طور پر مانیٹرنگ کررہا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ اقلیتوں کے لئے بھی ایک محفوظ سرزمین ہے اور غیر مسلموں کو دی جانے والی مذہبی آزادی حقیقی معنوں میں اسلامی معاشرے کی عکاسی کرتی ہے۔

مزید :

قومی -