اسلام آباد میں عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ،سیونتھ ایونیو کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا
اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں عاشورہ کے مرکزی ماتمی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ، سیونتھ ایونیو کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ایونیو کے پُل پر کنٹینرز لگا دیے گئے تھے ،جلوس کے راستوں کو دھماکہ خیز مواد سرچ کرنیوالے آلات سے چیک کیا گیا ،عزاداروں کے لیے سبیلیں لگائی گئیں جبکہ سی ڈی اے کے ٹینکرز بھی پینے کے پانی کے ساتھ جلوس کے ہمراہ رہے۔
حسب روایت اسلام آباد میں مرکزی ماتمی جلوس جی سی مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا سیونتھ ایونیو کے پل کے قریب نماز ظہرین ادا کی گئی جبکہ میلوڈی چوک کے قریب نماز مغربین ادا کی گئی ماتمی جلوس میں نوحہ خوانی سینہ کوبی اور عزاداروں نے زنجیرزنی بھی کی، ذوالجناح، علم اور تعزیے ماتمی جلوس کے ساتھ تھے، مرکزی ماتمی جلوس کے موقع پر اسلام آباد موبائل فونز کی سروس سارا دن معطل رہی ،مرکزی جلوس کے اردگرد کے مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں بشمول رینجرز کو چوکس کیا گیا تھا جبکہ جلوس کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ ملحقہ مقامات پر ایف سی کے جوان تعینات تھے،اس موقع پر رینجرز کا گشت بھی جاری رہا جبکہ بکتر بند گاڑیاں ، دھماکہ خیز مواد چیک کرنیوالے آلات سے لیس گاڑیاں ، جلوس کی نگرانی کرنیوالی گاڑیاں اور سی ڈی اے کے پینے کے پانی کے ٹینکرز ہمراہ تھے۔ جلوس کی حفاظت کے لیے سادہ کپڑوں میں سیکورٹی اہلکار بھی ڈیوٹی دیتے رہے، روایتی روٹ سے گزرتا ہوا جلوس واپس جی سکس مرکزی امام بارگاہ اختتام پذیر ہوا ۔