امام حسینؓ کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ان کے پیغام پر بھی عمل کیا جائے :سید منورحسن
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ عاشورہ کے دن کی بڑی اہمیت اور فضیلت ہے ،حضرت امام حسینؓ اوران کے اہلخانہ کی قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنے اور اس کا تذکرہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ان کے راستے پر چلنے اور ان کے پیغام اور درس عمل بھی کریں،دین کو غالب کرنے کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔
جامع مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت ایک روزہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ سے عقیدت ومحبت کا تقاضہ ہے کہ اقتدار اور اختیار کے غلط استعمال کو روکا جائے اور اللہ کے دین کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ انتہائی ذہین ،زیرک اور دین کا علم رکھنے والے انسان تھے اور اپنے عمل سے ثابت بھی کیا،اُنہوں نے اپنے دور میں اقتدارکے غلط استعمال کا نوٹس لیا اور اسے قبول اور تسلیم نہیں کیا ۔سید منورحسن نے کہاکہ مولانا مفتی شفیع عثمانی نے ووٹ کی شرعی حیثیت کے حوالے سے جو فتویٰ اور تفصیل بیان کی ہے اس میں شامل ہے کہ ہر شخص کو حق حکمرانی حاصل ہے لیکن ہر شخص حکمران نہیں بن سکتا،حکمرانی کی اہلیت کے لیے کچھ شرائط اور اوصاف ہیں ،حکمران کو ان اوصاف اور شرائط کی کسوٹی پر پرکھا جائے گا۔