منشیات برآمدگی کیس،ملزم حسین شاہ کی عمر قید کی سزا برقرار،عبدالستار شک کی بنا پر بری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے چرس برآمدگی سے متعلق کیس میں ملزم حسین شاہ کی عمرقید کی سزا برقرار رکھی جبکہ عبد الستار کو شک کی بنا پر بری کر دیا،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ٹرک سے12 ہزار کلو گرام چرس برآمدگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بنچ نے سپریم کورٹ میں پشاوررجسٹری میں وڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی،ٹرائل کورٹ نے حسین شاہ اور عبد الستار کو عمر قید کی سزا سنائی تھی،ہائیکورٹ نے ٹرائل کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ڈرائیور کو معلوم ہوتا ہے کہ گاڑی میں کیا سامان ہے، سرکاری وکیل نے کہا کہ روٹین کی گاڑی میں ایک کیبن چرس لے جانے کے لیے بنایا گیا، وکیل ملزمان نے کہا کہ ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ نے پوانٹس نظر انداز کیے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جب کونسل نے ٹرائل کورٹ اورہائیکورٹ کے سامنے پوائنٹ اٹھایاہی نہیں تونچلی عدالتوں کاقصور نہیں،اگر پچھلی عدالتوں میں سوال اٹھایا جاتا تو جواب مل جاتا،وکیل ملزمان نے کہا کہ جج کو قانون کا پتا ہوتا ہے اس نے قانون دیکھنا ہوتا ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کونسل اور ملزمان دونوں نچلی عدالتوں میں خاموش رہے، نچلی عدالتوں پر الزام کیسے لگا سکتے ہیں،عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے مجسٹریٹ کی نگرانی میں بارہ ہزار نمونے معائنے کے لیے بھجوائے، تمام نمونوں کی رپورٹ مثبت آئی، ریکارڈ سے کچھ ثابت نہیں ہوا کہ کیمیکل معائنہ کرنےوالی ٹیم کوالیفائیڈ نہیں تھی، عدالت نے حسین شاہ کی عمرقید کی سزا برقراررکھی جبکہ عبد الستار کو شک کی بنا پر بری کر دیا۔