سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کب کیا جائے گا؟ مداحوں کیلئے خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کل کریں گے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد ورلڈکپ سے باہر کئے جانے والے عابد علی کی ون ڈے سکواڈ میں واپسی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے ممکنہ 20 کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جن میں سرفراز احمد (کپتان)، بابراعظم،عابد علی،امام الحق، فخر زمان، احمد شہزاد، آصف علی، حارث سہیل، عمراکمل، محمد رضوان، افتخار احمد ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر،حسن علی،محمد حسنین اور عثمان شنواری شامل ہیں۔
قومی ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈز کا اعلان ہفتہ کو ساڑھے 11 بجے ہوگا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد ورلڈکپ سے باہر کئے جانے والے عابد علی کی ون ڈے سکواڈ میں واپسی کا امکان روشن ہے جبکہ ایک عرصہ سے نظر انداز افتخار احمد کو ایک بار پھر موقع دیا جاسکتا ہے۔
آسٹریلیا کیخلاف متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں سیریز کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد رضوان بھی سکواڈ میں واپسی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں جنہیں بطور بلے باز ٹیم میں شامل کیا جائے گا تاہم سرفراز احمد کی غیر موجودگی میں وہ وکٹ کیپنگ کے فرائض بھی سرانجام دے سکیں گے۔
افتخار احمد اور محمد رضوان کو سینر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک کا خلاءپرکرنے کیلئے ٹیم میں شامل کیا جائے گا جبکہ پاور ہٹر کی متلاشی قومی ٹیم مینجمنٹ ایک بار پھر عمر اکمل کی جانب دیکھ رہی ہے، ان کو ٹی 20 سکواڈ میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے، مختصر فارمیٹ کے میچز کیلئے احمد شہزاد کا نام بھی زیر غور ہے۔
واضح رہے کہ قومی ون ڈے ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہوگی جہاں سری لنکا کیخلاف پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائے گا، شہر قائد میں مزید 2 میچز کے بعد تین ٹی 20 میچز کی سیریز 9اکتوبر تک لاہور میں کھیلی جائے گی۔