’’ ہم عمران خان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتےہیں‘‘ امریکہ نے وزیراعظم کے بیان پر رد عمل جاری کر دیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کے کشمیر سے متعلق بیان کا امریکہ نے بھی خیر مقدم کیاہے جس میں انہوں نے کشمیر جانے کی خواہش رکھنے والے افراد کو میڈیا ٹاک کے دوران خبر دار کیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہر قسم کے دہشت گرد گروہوں کو ختم کرنے کا عزم خطے کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔خیال رہے کہ ایلس ویلز کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے دو روز قبل کہا تھا کہ جو کوئی مقبوضہ کشمیر میں جاکر لڑے گا وہ کشمیریوں پر ظلم کرے گا اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے گا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالیں گے اور بھارت کے 5 اگست کے فیصلے کے حوالے سے بھارت کے قانونی اور اخلاقی دیوالیہ پن کا پردہ چاک کریں گے۔