پاک افغان سرحد پر تو باڑ لگانے کا کام عرصے سے جاری ہے لیکن ایرانی بارڈر پر کتنی باڑ لگائی جاچکی ہے؟
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر باڑ لگانے کا کام اختتامی مراحل میں ہے، پاک افغان سرحد پر 630 کلو میٹر جبکہ پاک ایران بارڈر پر 30 کلو میٹر تک باڑ لگائی جا چکی ہے۔
بلوچستان پولیس کی جانب سے دیے گئے الوداعی ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سرحدوں پر باڑ لگانے کا کام اختتامی مراحل میں ہے اور اس اقدام سے پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔ پاکستان نے اب تک پاک افغان سرحد پر 630 کلومیٹر باڑ لگانے کا کام مکمل کرلیا ہے جبکہ پاک ایران سرحد پر بھی باڑ لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے اوراس سرحد پر اب تک 30 کلومیٹر باڑ لگائی جاچکی ہے۔
کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ انہوں نے دہشتگردی کی جنگ میں پولیس کو مار کھاتے دیکھا ہے،بلوچستان پولیس کے جوان کا حوصلہ باقی دنیا کی پولیس سے بہتر ہے۔ہمارے پاس ٹریننگ اور اسلحہ کی کمی ہے لیکن اس کے باوجود پولیس اور پاک فوج نے مل کر دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ اسی دن جیت چکے تھے جب چرچ میں پولیس کے جوان نے دہشت گرد کو مار گرایا۔
خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ پاک فوج کے تیسرے سینئر ترین جرنیل ہیں جو 23ستمبر 2019 کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ ان کی جگہ گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو کمانڈرسدرن کمانڈ تعینات کیا تھا۔