وزیراعظم ٹیسٹ قیادت کی تبدیلی نہیں چاہتے: پی سی بی 

وزیراعظم ٹیسٹ قیادت کی تبدیلی نہیں چاہتے: پی سی بی 

  

 لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ ٹیسٹ قیادت کی تبدیلی نہیں چاہتے اور انگلینڈ کیخلاف حالیہ سیریز کے پیش نظر عمران خان نے اظہرعلی کو طویل فارمیٹ کی قیادت سے ہٹانے کی خواہش بھی ظاہر نہیں کی،اس قسم کی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اداروں کی کرکٹ ختم کرنے کی مخالفت پربھی کسی سخت تادیبی کارروائی کا امکان نہیں بلکہ ٹیسٹ کپتان اور ہیڈ کوچ کو آئندہ کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت دی جا سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سابق کپتان اور کرکٹ کمیٹی کے رکن وسیم اکرم کی جانب سے بھی انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران اظہرعلی کے طرز قیادت پر عدم اطمینان ظاہر کیا گیا تھا اور پھر یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم نے انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ ہارنے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس میچ کو دیکھ رہے تھے جس میں اظہرعلی کی کپتانی اچھی نہیں تھی لہٰذا انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے مگر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے ایک غیر ملکی پاکستانی صحافی کی جانب سے ٹوئٹ کے جواب میں واضح کردیا ہے کہ عمران خان نے اظہرعلی کو قیادت سے ہٹانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا.

 اور اس قسم کی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں۔گزشتہ برس اکتوبر میں سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ایک مرتبہ پھر سنبھالنے والے اظہرعلی کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں مشکلات درپیش رہیں تاہم انہوں نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز میں کامیابی کی بدولت اعتماد بحال کیا  پی سی بی حکام اگرچہ اظہرعلی پر مزید بھروسہ کرنا چاہتے ہیں مگر انہیں کپتان کی حیثیت سے خود کو مزید فعال کرنا ہوگا کیونکہ آنیوالے عرصے میں انہیں بڑی ٹیموں کیخلاف سخت آزمائش کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کے سامنے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی مخالفت پر بھی اظہرعلی یا مصباح الحق کیخلاف کسی سخت تادیبی کارروائی کا امکان نہیں اور آئندہ ہفتے چیئرمین پی سی بی احسان مانی دونوں کو آئندہ کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت دیکر معاملہ ختم کر سکتے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -