میٹرک کے نتائج کا اعلان،لاہور میں کامیابی کا تناستب 71.51،فیصل آباد 79-.08،گوجرانوالہ میں 78.18فیصد رہا

میٹرک کے نتائج کا اعلان،لاہور میں کامیابی کا تناستب 71.51،فیصل آباد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  لاہور،فیصل آباد،گوجرانوالہ(مانیٹرنگ ڈیسک،سٹی رپورٹر، بیورورپورٹ) مسلسل تاخیر کے بعد پنجاب حکومت کی طرف سے میٹرک کلاس کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد رہا جبکہ پوزیشنز کا اعلان نہیں کیا گیا۔چیئر مین لاہور بورڈ ریاض ہاشمی کے مطابق میٹرک کلاس کے نتائج اعلان کر دیا گیا ہے، طلبہ 80025 پر ایس ایم ایس کریں اور رزلٹ معلوم کریں، کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد رہا،چیئر مین لاہور بورڈ کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کا مستقبل آگے لے جانے میں پریشانی تھی، کورونا کے مسائل کی وجہ سے دنیا کی طرح ہم بہت مشکل دور سے گزرے،ان کا کہنا تھا کہ ہیومینٹی گروپ میں کامیابی کی شرح 52.16 فیصد ہے، ہم نے نہایت شفاف انداز سے رزلٹ کو تیار کیا ہے، خاص ایس او پیز بنا کر ہمیں مارکنگ کی اجازت ملی اور یہ کام مکمل کیا گیا، کورونا کی وجہ سے پہلے ہمیں مارکنگ کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔ریاض ہاشمی کا کہنا تھا کہ  رزلٹ میں پوزیشنز کا اعلان نہیں کیا جا رہا، گریڈنگ کو اپنایا گیا، ہمارے کل امیدوار 1 لاکھ 68 ہزار تھے اور ایک لاکھ 66 ہزار نے امتحان دیا۔انہوں نے کہا کہ سائنس گروپ میں کامیابی کی شرح 79 فیصد ہے، مجموعی طور پر 2 لاکھ 37 ہزار طلبہ نے امتحان دیا تھا، پریکٹیکل کے لیے حکومت نے جو پالیسی بنائی اس پر عمل کیا گیا، پریکٹیکل میں 50 فیصد نمبر سب کو دیئے، باقی 50 فیصد ان کے پیپر کے مطابق دئیے، کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد رہا۔ان کا کہنا تھا کہ 880 نمبر یا زیادہ لینے والے طلبہ کا اے پلس گریڈ ہو گا، 770 سے 879 تک نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کا گریڈ اے ہو گا، 660 سے 769 نمبر لینے والے طلبہ گریڈ بی کے مستحق ہوں گے۔ 550 سے 659 نمبر لینے والے طلبہ کا گریڈ سی ہو گا، 440 سے 549 نمبر لینے والے طلبہ کا گریڈ ڈی ہو گا۔ 440 نمبر سے کم لینے والے طلبہ کا گریڈ ای ہو گا۔  بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے بھی امتحان میٹرک سالانہ2020ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین کی زیرصدارت ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ پروفیسر محمد افضل چوہدری‘ کنٹرولر امتحانات نوید حسین قریشی‘ڈپٹی کنٹرولر محمد نواز دیوکہ‘ اسسٹنٹ کنٹرولر میٹرک حفیظ الرحمن‘ویلفیئر آفیسرڈاکٹر بابر ڈوگر و دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 5 بجے شام چیئرپرسن بورڈ نے نے بٹن دبا کر رزلٹ کو آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر بھی اَپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات نوید حسین قریشی نے بتایا کہ امتحان میٹرک سالانہ 2020ء میں کل 160526 طلباء وطالبات کے داخلہ فارم بورڈ کو موصول ہوئے مگر ان میں سے 157448 طلباء وطالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ بورڈ نے ان طلباء وطالبات کی سہولت کے پیش نظر جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ چنیوٹ اور فیصل آباد کے اضلاع میں 241 بوائز‘ 222 گرلزاور 72 کمبائن ٹوٹل 535 امتحانی مراکز قائم کئے انہوں نے بتایا کہ امتحان میٹرک کلاس دہم مکمل ہو چکا تھا جبکہ کلاس نہم کے ابھی چند پیپرز ہی ہوئے تھے کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں طلباء وطالبات کی زندگیوں کے تحفظ کے پیش نظر کورونا وائرس کی وجہ سے امتحان فوری طور پر روک دیا گیاتاہم امتحان میں شریک ہونے والے 157448 طلباء وطالبات میں سے 124513 پاس ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 79.08  فیصد رہا۔ اس موقع پر چیئرپرسن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے بتایا کہ طلباء وطالبات کے وسیع تر مفاداور ان کے شاندار مستقبل کے پیش نظر نتائج انتہائی احتیاط اور بھرپور توجہ کے بعد تیار کئے گئے ہیں انشاء اللہ اس میں غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے تاہم ایسے طلباء وطالات جو اپنے نتائج سے مطمئن نہ ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد سے 15 دن کے اندر ری چیکنگ کیلئے درخواست دے کر اپنا پیپر خود چیک کر کے تسلی کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ طلباء وطالبات کے مابین نمبروں کی دوڑ کے خاتمے اور ان کے اندر نالج کی بہتری کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں گریڈ نگ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے تاکہ چند نمبرز کی کمی کے باعث بچوں کی جو ذہنی کیفیت ہوتی تھی اس سے وہ باہر نکل کر صرف نالج پر بھرپور توجہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرسنٹائل رزلٹ کی وجہ سے بادی النظر میں کمزور اور نالائق سمجھا جانا والا بچہ بھی پرسنٹائل گریڈنگ سسٹم سے معاشرے کا ایک ہونہار اور لائق طالب علم سمجھا جائے گا بلاشبہ حکومت پنجاب کا یہ ایک مستحسن فیصلہ ہے جس سے طلباء وطالبات کا مستقبل محفوظ اور نہایت تابناک سمجھا جائے گا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا۔امتحان میں کامیابی کا تناسب 78.18رہا۔ امتحان میں مجموعی طورپر215208 امیدواران شامل ہوئے جن میں سے 168251کامیاب قرار پائے اس طرح ان کی شرح تناسب 78.18فیصد رہی سائنس گروپ(بوائز)میں 75063امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے59240امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح 78.92فیصد رہی سائنس گروپ(گرلز)میں 74856امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں 66428امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح88.74فیصد رہی اسی طرح ہیومینٹیز گروپ میں بالترتیب بوائز امیدوار 20194گرلز امیدوار44571شامل امتحان ہوئے جن میں سے بوائز گروپ میں 10338امیدوار جبکہ گرلز میں سے 32002امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح ان کی کامیابی کی شرح بالترتیب51.19اور 71.80فیصد رہی میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کرنے کیلئے ایجوکیشن بورڈ کی طرف سے کوئی تقریب منعقد نہ کی گئی اور نہ ہی پوزیشن ہولڈرز کو مدعو کیا گیا تھا۔


نتائج

مزید :

صفحہ اول -