نواز شریف کے کزن کی شوگر ملز نے سیلز ٹیکس ریکوری نوٹسزکو چیلنج کر دیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی)سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے کزن کی شوگر ملز نے سیلز ٹیکس ریکوری کے نوٹسزکولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیاگیاہے،حسیب وقاص شوگر ملز کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے،درخواست میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، کمشنر ان لینڈ ریونیو سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست گزار کا موقف ہے کہ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو نے 13 کروڑ 98 لاکھ 19 ہزار 427 روپے کا سیلز ٹیکس ریکوری کا نوٹس بھجوایا ہے، ایف بی آر کا 17 اگست کو بھجوایا گیا سیلز ٹیکس ریکوری نوٹس آئین کے آرٹیکل 10 (اے)کی خلاف ورزی ہے، ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کا سیلز ٹیکس ریکوری کا نوٹس جنرل کلازز ایکٹ 1897 ء کی دفعہ 24 اے کی بھی خلاف ورزی ہے، سال 2017 ء کے سیلز ٹیکس ریکوری کا اظہار وجوہ نوٹس بلاجواز ہے جس کے خلاف اپیل بھی دائر کررکھی ہے، ایف بی آر ریکوری نوٹسز کیخلاف اپیل زیر سماعت ہونے کے باوجود ہراساں کر رہا ہے، عدالت سے استدعاہے کہ سیلز ٹیکس ریکوری نوٹس کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے، درخواست میں کمشنر اپیلز پاس ریکوری نوٹس کے خلاف زیر سماعت اپیل کے حتمی فیصلے تک ایف بی آر کو ہراساں کرنے سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
چیلنج