پاکستان بچانے کیلئے علماء و مشائخ کو آگے بڑھنا ہوگا،سراج الحق

      پاکستان بچانے کیلئے علماء و مشائخ کو آگے بڑھنا ہوگا،سراج الحق

  

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ن لیگ، پیپلزپارٹی اورمشرف حکومتوں کی وارث حکومت ہے۔پی ٹی آئی نے سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کو ہی جاری رکھا ہے۔ تبدیلی آئی نہ کوئی وعدہ پورا ہوا۔ اسلام اور پاکستان حکومت کا نہیں ہمارا مسئلہ ہے۔علماء و مشائخ کو پاکستان بچانے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فساد اور انتشار ہو تاکہ پاکستانی قوم کو مختلف گروہوں میں تقسیم کرکے وہ ہماری قوت اور وحدت کو ختم کرسکے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مولانا عبد الستار نیازی کی یاد میں منعقدہ مجاہد ملت سیمینار سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر علماء و مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد،بابا شفیق بٹ، پیر شفاعت رسول قادری،سید عاشق حسین بخاری اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نے کہا کہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا ایک ٹولہ ہے جو ہر حکومت میں نظر آتا ہے۔پیپلز پارٹی،ن لیگ اور مشرف کے ساتھ بیٹھنے والے آج پی ٹی آئی میں ہیں۔کوئی تبدیلی نہیں آئی اور کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا۔حکمرانوں کے نزدیک آئی جی اور چیف سیکرٹری کو تبدیل کرناتبدیلی ہے جبکہ عوام چاہتے ہیں کہ حکمران اور ظلم کا نظام تبدیل ہو۔انہوں نے کہا کہ موٹروے واقعہ پر حکومت کی غیر سنجیدگی کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔اتنے بڑے واقعہ کے باوجود ایسے واقعات اب بھی جاری ہیں۔ بچوں کے اغوااور قتل میں ملوث مجرموں کی سزا پھانسی ہونی چاہیے۔ اس سے کم سزا ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -