کورونا وبا ء، عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک کیلئے ایک اور انتباہ جاری کر دیا 

کورونا وبا ء، عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک کیلئے ایک اور انتباہ جاری کر ...

  

 برسلز (این این آئی) عالمی ادارہ صحت نے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ پر کڑی نظر رکھیں۔غیرملکی خبررساں ادا رے کے مطابق ایک بیان میں عالمی ادارہ صحت نے براعظم یورپ میں کیسز کے اضافے کو حیران اور پریشان کن قرار دیا۔ ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ اس صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو مریضوں کی تعداد اندازوں سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر ڈا کٹر ہانس کلوگے نے کہا گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کا شکار ہونیوالے افراد کی تعداد پچاس ہزار سے زائد ہوجانا انتہائی خطرناک ہے۔ مریضوں کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ حالیہ اضافے میں دیکھا گیا ہے کہ وائرس کا شکار ہونیوالے افراد کی عمریں پچیس سے انچاس برس کے درمیان ہیں۔ان کے مطابق وائرس کی لپیٹ میں آنیوالوں میں بزرگ افراد کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ ساٹھ برس سے زائد عمر کے وہ لوگ جنہیں امراضِ قلب یا شوگر کا سامنا ہے، انہیں کووڈ انیس کے رسک گروپ میں شمار کیا جاتا ہے۔بعض ممالک نے قرنطینہ کی مدت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے ممالک میں فرانس بھی شامل ہے، جہاں اس کی مدت نصف یعنی سات دن کر دی گئی ہے۔ اسی طرح برطانیہ اور آئر لینڈ میں بھی قرنطینہ کی مدت دس روز کی جا چکی ہے۔ باقی ملک بھی اس پر غور کر رہے ہیں لیکن عالمی ادارے نے قرنطینہ کے ایام کو کم کرنے سے بھی باز رہنے کی ہدایت کی ہے اور اسے کم از کم چودہ دن رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈبلیو ایچ او

مزید :

صفحہ آخر -