مشرف کی بلوچستان میں لگائی آگ بجھانے کی ضرورت ہے،عبد المالک
حافظ آباد(آن لائن)سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی اسے بجھانے کی ضرورت ہے،بلوچستان کے مسائل گولی سے نہیں مذاکرات سے حل ہونگے۔اپوزیشن پارٹیاں اس حکومت کے خلاف تحریک چلائینگی اے پی سی کے کل ہونے والے اجلاس میں میاں نواز شریف کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت مثبت تبدیلی ثابت ہو گی۔حافظ آباد میں میر حاصل بزنجو کے تعزیتی ریفر نس اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالماک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پارٹیاں ہی ملک میں تبدیلی لیکر آئینگی جس طرح ماضی میں ایوب خاں اور ضیاء الحق کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں کی تحریک کامیاب ہوئی تھی انکا کہنا تھا کہ اس وقت تمام اپوزیشن پارٹیاں ایک ہیں اور جب تک ہمارے مقاصد پورے نہیں ہوتے اپوزیشن کا اتحاد اسی طرح جاری رہیگا۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کار کردگی بلوچستان میں تو کہیں نظر نہیں آتی،البتہ پنجاب میں اگر کوئی ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔پنجاب کا بھی وہی حال ہے جو بلوچستان کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اس بات پر یقین ہے کہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہے ہم پار لیمنٹ کی بالا دستی ووٹ کی عزت اور میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔پاکستان کے حکمرانوں نے 72سال تک امریکا کو اپنا آقا بنائے رکھا لیکن مو جودہ حکمرا ن اب کہیں اور جا رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں جمہوریت کو فروغ دیا جائے پاکستان کی اندرونی، بیرونی پا لیسیوں پر غور کیا جائے اور عوام کو آ زادانہ ووٹ دینے کا حق دیا جائے۔
عبد المالک