ڈومینک تھیم نے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

   ڈومینک تھیم نے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا

  

کورونا وائرس کی وبا کے سبب تمام گیمز کچھ وقت کیلیے موخر کرنا پڑی لیکن اب کرکٹ، فٹبال اور ٹینس میدانوں کی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، آسٹریلین اوپن کے بعد سیزن کا دوسرا گرینڈ فرنچ اوپن تاخیر کا شکار ہوا اور اب وہ رواں ماہ ہوگا، ومبلڈن کو منسوخ ہی کردیاگیا تھا، یوایس اوپن میں کئی بڑے اور نامور پلیئرز نے کورونا کے سبب امریکا جانے سے گریز کیا،یوایس اوپن کے منتظمین نے اس بار کورونا وبا کی وجہ سے مینز اور ویمنز سنگلز ڈراز میں تبدیلیاں کیں، کھلاڑیوں کی کمیابی کے پیش نظر ڈبلز ڈراز میں 64 کی بجائے 32 جوڑیاں شامل کی گئیں، مکسڈ ڈ بلز اور جونیئر میچز کا انعقاد نہیں کیاگیا، تاہم سنگلز میں 128 پلیئرز کے فارمیٹ کو برقرار رکھاگیا، نیویارک حکام کے فیصلے پر اس بار کوالیفائنگ میچز بھی منعقد نہیں کیے جاسکے۔آسٹریا کے نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ ڈومینک تھیم نے پہلی مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ انہوں نے مینز سنگلز فائنل میں جرمنی کے الیگزینڈر زویرو کو شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا۔ امریکہ میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے مینز سنگلز فائنل میچ میں آسٹریا کے سیکنڈ سیڈ ڈومینک تھیم نے عصاب شکن مقابلے کے بعد 23 سالہ جرمن حریف کھلاڑی الیگزینڈر زویرو کو شکست دی۔ڈومینک تھیم نے ابتدائی دو سیٹس میں جرمن کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کے باوجود اگلے سٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ ڈومینک تھیم کی فتح کا سکور 2-6، 4-6، 6-4،6-3 اور 7-6(8-6) تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فائنل میچ 4 گھنٹے اور 2 منٹس تک جاری رہا۔ ڈومینک تھیم نے اس کامیابی کے بعد اپنے ٹینس کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل 27 سالہ فاتح کھلاڑی تھیم نے 2018 اور 2019 کے فرنچ اوپن کا فائنل اور رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن کا فائنل بھی کھیل چکے ہیں تاہم اس میں ان کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔ اس بار ایونٹ میں سب سے افسوسناک معاملہ سابق عالمی نمبرون نووک جوکووک کے اخراج کا رہا، ٹاپ سیڈ کو غلطی سے خاتون ریفری کو گیند مارنے پر یو ایس اوپن سے نااہل کردیا گیا، وہ اس وقت پری کوارٹر راونڈ میں نیویارک کے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں 20ویں سیڈ پیبلو کرینو بستا کے مقابل تھے، جوکووچ نے پہلے سیٹ میں 5-6 سے شکست کے بعد غصے میں گیند پھینکی جو لائن جج کے حلق پر جا کر لگی۔اس کے بعد 10منٹ تک عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار اور ٹورنامنٹ کے ریفری سورین فریمیل کے درمیان بات چیت ہوتی رہی جس میں جوکووچ اپنی غلطی مانتے ہوئے معافی مانگتے رہے، بعد ازاں امپائر نے فیصلہ کیا کہ اصولی طور پر کرینو میچ جیت چکے ہیں اور اس کے بعد جوکووچ نے اپنے حریف سے ہاتھ ملایا اور امپائرز سے مصافحہ کیے بغیر ہی کورٹ سے باہر چلے گئے۔یو ایس اوپن کی فاتح ناومی اوساکا ہیمسٹرنگ انجری کے باعث رواں سال ہونے والے فرنچ اوپن ٹینس میں حصہ نہیں لیں گی۔عالمی نمبر تین جاپان کی ناومی اوساکا کا کہنا ہے کہ وہ اآزارینیکا کے خلاف ہونے والے یو ایس اوپن کے فائنل میں انجری کا شکار ہو گئی تھیں جس کے باعث فرنچ اوپن میں شرکت نہیں کریں گی۔فرانس میں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔انہوں نے ٹورنا منٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جبکہ دوسری جانب انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کو رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مرکزی ڈرا میں وائلڈ کارڈ سے نوازا دیا گیا ہے۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں دوسرے تمام وائلڈ کارڈز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو تعلق فرانس سے ہے جبکہ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں 2014 میں فرانچ اوپن کی سیمی فائنل، ومبلڈن کی فائنلسٹ اور 2020 یو ایس اوپن کی کوارٹر فائنلسٹ بلغارین ٹینس سٹار تسویتنا پیرونکووا اور کینیڈا کی یوجنی بوچرڈ کو بھی وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔33سالہ اینڈی مرے نے پہلی مرتبہ 2012 میں یو ایس اوپن ٹینس کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ تین گرینڈ سلام کے چیمپئن اینڈی مرے فرنچ اوپن ٹینس 2017کے مینز سنگلز کے سیمی فائنل میں سوئس سٹار سٹین واورنکا سے ہارنے کے بعد کسی گرینڈ سلام ایونٹ میں شامل نہیں ہوسکے تھے۔اینڈی مرے کی گزشتہ سال کے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد یہ دوسرا گرینڈ سلام ایونٹ ہوگا جس کے مینز سنگلز مقابلے میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔سابق عالمی نمبر ون اینڈی مرے نے گزشتہ ہفتے ختم ہونے والے رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹین ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی تھی جس کا ابتدائی راؤنڈ جیتنے کے بعد برطانوی کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ اینڈی مرے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں 110 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ 33 سالہ اینڈی مرے رواں سال کولہوں اور پنڈلی کی انجری سے چھٹکارے کے بعد اپنی فٹنس کی تشکیل نو میں لگے ہوئے ہیں۔ رواں سال کا تیسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 124 واں ایڈیشن 27 ستمبر سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوگا جس میں کھلاڑیوں کو سخت اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔ 

مزید :

ایڈیشن 1 -