ڈیویلپمنٹ کمیٹی ڈی ڈی سی کا اجلاس،ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی(ڈی ڈی سی) کااجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نور عالم خان محسوداور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اسحاق خان وزیر کے علاوہ ضلع بھر کے سرکاری محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے صوابدیدی فنڈز سے منظور شدہ کروڑوں روپے مالیت کی مختلف ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈہ پوراور خاتون رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر آسیہ کے فنڈ زسے پچاس ملین روپے کی لاگت سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نیورو سرجری وارڈ کی تعمیر، رکن صوبائی اسمبلی فیصل امین کے فنڈ سے دس ملین روپے کی لاگت سے حق نواز گنڈاپور پارک میں کمیونٹی سنٹر کی تعمیر، ڈیوالہ اور مریالی میں بیس ملین روپے کی لاگت سے شجرکاری اور نکاسی آب کے منصوبوں اور ممبر صوبائی اسمبلی ستارہ آفرین کے50ملین کے محکمہ پبلک ہیلتھ کے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں واپڈا کے ترقیاتی کاموں کی مد میں این اے 39، پی کے اٹھانوے اور ننانوے کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں پر اراکین صوبائی اسمبلی نگہت اورکزئی اور مدیحہ نثار کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کی اصولی منظوری دی گئی، جبکہ منصوبوں کی دیگر تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے سرکاری اداروں کے سربراہان کو سختی سے تنبیہہ کی کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مفاد عامہ اور ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور ان منصوبوں میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔