پی ٹی آئی میں احتساب کا عمل شروع کر دیا گیا، سیف اللہ خان نیازی 

      پی ٹی آئی میں احتساب کا عمل شروع کر دیا گیا، سیف اللہ خان نیازی 

  

 پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک ادارہ بن چکی ہے اس کے ورکروں میں آج بھی وہی جذبہ اور ولولہ زندہ ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں احتساب کا عمل  شروع کر دیا گیا ہے جوکہ وزیر اعظم عمران کے ویژن کے مطابق ہو گا پاکستان مشکل دور سے گزر چکا اب حالات  بہتری کی طرف جا رہے ہیں  کورونا وائرس کے دوران  وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کی پوری دنیا میں پذیرائی ہورہی ہے وہ گذشتہ روز  پشاور میں صوبے بھر میں  انصاف ویلفیئر ونگ کی تنظیم سازی کے بعد حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب میں صوبائی وزرا  شوکت یوسف زئی،سلیم تیمور جھگڑا، ایم این اے فضل خان، ارباب شیر علی  اور ایم پی اے فضل الہی، فہیم خان اور انصاف ویلفئر ونگ کے سینٹرل عہدیدران  بھی موجود تھے اس موقع پر سیف اللہ خان نیازی نے نئے عہدیداران سے حلف لیا  انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انتخابات کے دوران عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے  وہ پورے کیئے جائیں گے اور پارٹی کے منشور پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا  ہم پارٹی کے اندر بھی احتساب کا عمل شروع کر رہے ہیں جبکہ حکومتی اداروں کی بھی نگرانی کی جائے گی تاکہ  تحریک انصاف حکومت  کے اچھے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں انہوں نے کہا کہ مشکلات ختم ہونے والی ہیں ملک مشکل دور سے نکل رہا ہے وزیراعظم عمران خان کے جرآت مندانہ اقدامات کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ اقتدار میں  پارٹی کو آرگنائز رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے لیکن آج مجھے بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ مرکز اور صوبوں میں ہماری حکومت ہونے کے باوجود تحریک انصاف صوبے میں نہ صرف منظم ہے بلکہ اس کے ورکروں میں آج بھی وہی ولولہ اور جذبہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پارٹی کے دیرینہ اور محنت کرنے والے ورکروں کو عہدے دیئے جائیں گے۔سیف اللہ خان نیازی نے پارٹی کے تمام ونگز کے عہدے داروں سے کہا کہ وہ پارٹی کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کریں۔ اس سے پہلے تحریک انصاف کی مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے وزیر اعلی محمود خان سے ملاقات کی  اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران  حکومت کی طرف سے سے عوام کے لیے کیے گئے اقدامات پر ان کو بریفنگ دی گئی۔جب کہ وزیر اعلی محمود خان کو بھی گڈ گورننس  کے بارے میں تفصیلی بتایا گیا۔سیف اللہ خان نیازی تحریک انصاف  پشاور کے صدر سید قاسم علی شاہ کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور وہاں انہوں نے  ضلع پشاور کے کارکنوں اور عہدیداروں سے ملاقات کی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -