ترقی کی راہ میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی: عبد السلام آفریدی
رستم(تحصیل رپورٹر) رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی و مرکزی حکومتوں کی بہترین کارکردگی کیوجہ سے پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور آئے روز عوام جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل بغدادہ مردان میں شمولیتی اور سوئی گیس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا اس موقع یونین کونسل بغدادہ کے سابق تحصیل کونسلر اشفاق احمد لودھی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی تمام منصوبے بروقت مکمل کرلئے جائیں گے عوام کی تحریک انصاف میں دھڑا دھڑ شمولیتوں نے سیاسی مخالفین کی اوسان خطا کردئیے ہیں سابقہ ادوار میں ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کلچر کو متعارف کرواکر کمیشن کو فروغ دیا گیا، صوبے کو دہشت گردی کا تحفہ دیا گیا پاکستانی عوام کو اپنے ہی ملک میں مہاجر بنایا گیا لیکن جب عوامی طاقت کے بل بوتے پی ٹی آئی حکومت آئی تو صوبے میں نہ صرف امن قائم کردیا بلکہ کرپشن کے ناسور کو بھی ختم کرکے غریب عوام کو ان کا حق دیا، اس کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ہزاروں ڈاکٹرز اور اساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے، خیبر پختونخوا پولیس کو مکمل طور پر بااختیار بنایا، صحت انصاف کارڈ کا اجرا کرکے صوبے کے غریب عوام کو مفت صحت سہولیات سے مستفید کردیا۔