ملتان سمیت صوبہ بھر میں انسداد دہشتگردی کی 6 خصوصی عدالتیں ختم

ملتان سمیت صوبہ بھر میں انسداد دہشتگردی کی 6 خصوصی عدالتیں ختم

  

ملتان (خصو صی رپورٹر)پنجاب حکومت نے ملتان سمیت صوبہ بھر سے انسداد دہشت گردی کی چھ خصوصی عدالتوں کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان کی عدالت انسداد دہشت گردی کورٹ نمبر 1 سمیت صوبہ بھر کی چھ خصوصی کورٹس کا ختم کیا گیا ہے۔حکومت نے ملتان کی عدالت نمبر ایک، لاہور کی نمبر 2 اور 4، گجرانوالہ کی نمبر 1 اور 3 اور راولپنڈی کی نمبر 2 کو ختم کیا گیا ہے چونکہ سپریم کورٹ کی جانب سے حال ہی میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تاریخی فیصلہ جاری کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ذاتی عناد اور دشمنیوں میں قتل سمیت دیگر واقعات کو انسداد دہشت گردی ایکٹ سے نکال دیا گیا تھا جس کے باعث عدالتوں میں مقدمات کی تعداد انتہائی کم رہ گئی اب اضافی انسداد دہشتگردی عدالتوں کو ختم کردیا گیا ہے۔ ان عدالتوں کے ملازمین اور اشیاء کو سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی قائم شدہ نئی عدالت میں منتقل کیا جائے گا جبکہ بقایا کو سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ دیکھے گا۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 1 میں کیسز کی منتقلی کے حوالے سے ابھی کوئی آرڈر سامنے نہیں آ سکا ہے جبکہ ڈیڑھ درجن سے زائد ملازمین کو بھی ٹرانسفر نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک ملتان نے ماضی میں چھوٹو گینگ سمیت کئی اہم کیسز کے فیصلے سنائے تھے۔

مزید :

صفحہ اول -