”آپ ووٹ کو عزت دو کو مانتے ہیں یا پھر مفاہمت کو“ شہبازشریف اے پی سی میں شرکت کیلئے پہنچے تو صحافی کے سوال پر کیا جواب دیا ؟ جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے پیپلز پارٹی کے بعد اب ن لیگ کا وفد بھی پہنچ چکا ہے اور اس سے قبل پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی قیادت کے درمیان کچھ معاملات پر مشاورت کیلئے رابطہ بھی ہواہے ۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے وفد میں شہبازشریف ، مریم نواز اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر اہم اراکین شامل ہیں ، آل پارٹیز میں شرکت کیلئے پہنچنے پر صحافیوں نے شہبازشریف سے سوال کیا کہ ” شہبازشریف آپ ووٹ کو عزت دو کو مانتے ہیں یا پھر مفاہمت کو ؟ اپوزیشن لیڈر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ” آپ جس مرضی کو سمجھ لیں “۔
اس موقع پر مریم نوازشریف بھی ہمراہ تھیں اور صحافی کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ” کانفرنس میں دیکھیں کیا ہوتا ہے ۔“ آج کی اے پی سی میں آصف زرداری کے بعد نوازشریف شرکاءسے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ آل پارٹیز کانفرنس کی میزبانی کے فرائض پیپلز پارٹی انجام دے رہی ہے ۔
آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے جماعت اسلامی نے صاف انکار کر دیاہے جبکہ بی این پی کے اختر مینگل بھی خراب طبیعت کے باعث شریک نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ پارٹی کا وفد نمائندگی کرے گا ۔دوسری جانب نوازشریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیلئے حسین نواز کے لندن میں قائم دفتر میں پہنچ چکے ہیں ۔