اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا،سراج الحق نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر الزام عائد کرتے ہوئے کراچی میں تاریخی مارچ کا اعلان کردیا

اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا،سراج الحق نے پیپلز پارٹی ...
اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا،سراج الحق نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر الزام عائد کرتے ہوئے کراچی میں تاریخی مارچ کا اعلان کردیا

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہےکہ معیشت کی تباہی ، عوام کی بد حالی ، بدترین مہنگائی ، صوبوں اور شہروں میں بڑھتی ہوئی احساس محرومی موجودہ حکومت کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہے,حکومت کے 870دن نا اہلی اور ناکامی کا ثبوت ہیں اور موجودہ اپوزیشن نے ان 870دنوں میں حکومت کا ساتھ دیا ہے,اپوزیشن کا نظریہ ، ایجنڈا اور پروگرام ایک نہیں لیکن حکومت کی پالیسیوں اور غلطیوں نے اپوزیشن کو ایک کردیا ہے،نیب عدلیہ کے متوازی ادارہ بن گیا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت صرف کاغذوں پر ہے زمین پر کہیں نہیں،51وزراءاور مشیر خود کو وزیر اعظم کے سامنے اور وزیر اعظم خود کو عوام کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے،با اختیار الیکشن کمیشن ، آزاد عدلیہ اور شفاف الیکشن کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ،کراچی ملک کی معاشی اور نظریاتی شہ رگ ہے، پورا شہر تباہ حال اور پریشان ہے ،بجلی، گیس اور پانی کا بحران ہے ،پیپلز پارٹی صوبائی حکومت ناکام ثابت ہوئی اور پی ٹی آئی وفاقی حکومت نے بھی دو سال میں کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا ،ایم کیو ایم وفاقی حکومت کے فیصلوں میں شریک اور دوسری طرف بھر پور احتجاج بھی کر رہی ہے،اسلام آباد کی اے پی سی میں کراچی کے مسائل پر بھی بات ہو نی چاہیے تھی ،موجودہ حکومت نے فوج کو بھی متنازعہ بنا دیا ہے اور یہ جو غلط کام کرتے ہیں کہتے ہیں کہ اسٹبلشمنٹ ہمارے ساتھ ہے،جماعت اسلامی نے کراچی کے مسائل اور جائز حق کے لیے 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ایک بڑے اور تاریخی مارچ کا اعلان کیا ہے ۔

ادارہ نور حق میں حافظ نعیم الرحمن ، ڈاکٹر اسامہ رضی اور عبد الوہاب کے ہمراہ  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ بھر میں عرصہ دراز سے حکومت میں ہے، کراچی بھی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے ،ایم کیو ایم بھی کراچی میں اور سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کے ساتھ اقتدار میں رہی ہے اور اب پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت میں ہے،ان تینوں حکمران پارٹیوں نے کراچی کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا ،کراچی کی آبادی کو مردم شماری میں درست شمار نہیں کیا گیا،پہلے کراچی کی درست آبادی کا اعلان کیا جاتا اور پھر وزیر اعظم امدادی و ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے توزیادہ مناسب ہوتا۔انہوں نے 1100ارب سے قبل 162ارب روپے کے پیکیج کا بھی اعلان کیا تھا وہ رقم کہاں خرچ ہوئی کچھ نہیں پتا ،سرکاری سطح پر وعدہ کیا گیا تھا کہ کراچی کے 5فیصد بلاکس کھول کر درست تعداد کا پتا کیا جائے مگر یہ وعدہ تاحال پورا نہیں ہوا ، کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں با اختیار شہری حکومت قائم کی جائے ۔

    سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا ہے،جماعت اسلامی ہی حقیقی اپوزیشن ہے،ہم پارلیمنٹ میں اور عوامی سطح پر بھی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے،کرپٹ عناصر اپوزیشن اور حکومت دونوں کے اندر موجود ہیں ،ان کی پالیسیاں ایک ہیں،آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی ، شراب کی بندش کے قانون ، تحفظ ناموس رسالتﷺ کے قوانین پر بھی سب ایک ہیں،ملک کی حالت یہ ہے کہ 8کروڑ عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،ڈھائی کروڑ بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں،برآمدات میں 25فیصد کمی ہو گئی ہے،روپے کی قدر غیر مستحکم اور ڈالر کی قیمتیں موجودہ حکومت کے دور میں بہت بڑھی ہیں،بجلی ، پیٹرول کی قیمتیں دوگنا بڑھی ہیں،55روپے فروخت ہونے والی چینی 100روپے سے زیادہ میں فروخت ہو رہی ہے،بجلی ، پیٹرول ،آٹے اور چینی کے بحران پیدا ہوئے ،غریب کے لیے ہر دن پہلے سے بد تر ہوتا جا رہا ہے ،کرپشن میں اضافہ ہو گیا ہے ،پہلے لوگ ناجائز کاموں کے لیے رشوت دیتے تھے اب جائز کاموں کے لیے بھی رشوت دینے پر مجبور ہیں،کراچی سے چترال تک عوام بے حال اور نڈھال ہے اور اسلام آباد کے حکمرانوں میں بے حسی اور بے شرمی پھیلی ہوئی ہے،اس حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل جن کاموں کے کرنے کا اعلان کیا تھا وہی کام نہیں کیے اور جن کاموں کے نہ کرنے کا اعلان کیا تھا وہ سارے کام کر رہی ہے،آئی ایم ایف کے پاس جانے کو خودکشی قرار دینے والے عمران خان نے آئی ایم ایف سے قرضہ لیا اور قوم کو مزید قرضوں کے اندر جکڑ دیا،عوام پریشان ہیں کہ یہ کیا ہو رہا ہے ہم اسٹبلشمنٹ سے کہتے ہیں کہ وہ خودبھی سوچے کہ اسے کیوں متنازعہ بنایا جا رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر گالم گلوچ اور بد زبانی و بد تہذیبی عام ہو گئی ہے،یہ حکومت بچے اور بچیوں اور خواتین کا بھی تحفظ نہیں کر سکی، کراچی کی معصوم بچی ، اسلام آباد میں بچہ ، ڈی آئی خان کی خاتون ، نوشہرہ کی لڑکی اور دیگر دل خراش واقعات میں عصمت دری کے بعد قتل ہوئے اور یہ واقعات بڑھ رہے ہیں ، موٹر وے کے مجرم کو ساری پولیس فورس کے باوجود تاحال پکڑا نہیں جا سکا،میڈیا کے ساتھ جو سلوک اس حکومت کے دور میں ہورہا ہے وہ تو مارشل لاءکے دور میں بھی نہیں ہوا، اب حکومت خود بتائے کہ اس کے باقی رہنے کا کیا جواز ہے؟14ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے،حکومت کشمیر کے مسئلہ پر ناکام ہو گئی ہے اس نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کے فیصلے کو قبول کر لیا ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بجلی ، چینی اور آٹا چور مافیا کو ملا کر عوام پر ایک جعلی حکومت مسلط کی گئی ہے،گڈ گورننس کی تمام تعریفیں موجودہ حکومت کے ذمہ داران کی ماضی کی تقریر میں موجودہیں اور بیڈ گورننس کی ساری تصویریں حقیقت بن کر موجودہ حکومت کی صورت میں ملک میں جگہ جگہ نظر آرہی ہیں ۔

مزید :

قومی -