آئی پی ایل، دہلی اور پنجاب کے میچ کا سپر اوور میں فیصلہ

آئی پی ایل، دہلی اور پنجاب کے میچ کا سپر اوور میں فیصلہ
آئی پی ایل، دہلی اور پنجاب کے میچ کا سپر اوور میں فیصلہ

  

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)  انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوسرے میچ میں کنگز الیون پنجاب اور دہلی کیپٹلز کے درمیان میچ آخری گیند پر برابر ہوگیا جس کے بعد سپر اوور کے ذریعے میچ کا فیصلہ ہوا اور دہلی کیپٹلز نے سپر اوور میں فتح اپنے نام کرلی۔

سپر اوور میں کنگز الیون پنجاب کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی ۔ دہلی کے کاگیسو ربادا نے شاندار باؤلنگ کی، انہوں نے تین گیندوں پر صرف 2 رنز دیے اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یہ آئی پی ایل کے کسی بھی سپر اوور کا اب تک کا سب سے کم ترین سکور تھا۔ 

3 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے کیلئے کنگز الیون پنجاب کی جانب سے محمد شامی گیند بازی کرنے آئے جبکہ ان کے مد مقابل بلے بازی کیلئے رشبھ پنت میدان میں اترے جنہوں نے اپنی ٹیم کو آخری گیند پر فتح سے ہمکنار کیا۔

خیال رہے  کہ اس سے قبل کنگز الیون پنجاب دہلی کی جانب سے دیا گیا 158 رنز کا ہدف عبور کرنے کے قریب ہی تھی کہ رنگ میں بھنگ پڑ گئی۔ کنگز الیون پنجاب کی جانب سے مینک اگروال نے 89 رنز کی اننگ کھیلی اور وہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر اس وقت آؤٹ ہوگئے جب میچ برابر ہوچکا تھا اور ٹیم کو جیت کیلئے صرف ایک رن چاہیے تھا۔  ان کے بعد آخری گیند کا سامنا کرنے والے کرس جورڈن بھی باؤنڈری کے چکر میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ آخری اوور میں مارکس سٹوئنس کی زبردست گیند بازی کے باعث پنجاب کی ٹیم  جیتا ہوا میچ برابر کرا بیٹھی جس کے بعد سپر اوور کے ذریعے میچ کا فیصلہ کیا گیا۔

دہلی کیپٹلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔ ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں ہی داخل نہیں ہوپائے۔ دہلی کیپٹلز کی جانب سے مارکس سٹوئنس 53 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ شریاس ایئر نے 39 اور رشبھ پنت نے 31 رنز بنائے۔ کنگز الیون پنجاب کے محمد شامی نے 3، شیلڈن کوٹریل نے 2 اور روی بشنوئی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مزید :

Breaking News -کھیل -