سانحہ موٹر وے، پولیس کو قانونی تعاون کی فراہمی کیلئےسرکاری وکلا پرمشتمل کمیٹی تشکیل
لاہور(آئی این پی) سانحہ موٹر وے زیادتی کیس، پولیس کو تفتیش کے دوران قانونی تعاون کی فراہمی کیلئے تین سرکاری وکلا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا عارف کمال نون کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس کے مطابق تین رکنی کمیٹی میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل وقار عابد بھٹی، عبدالجبار ڈوگر اور محمد اظہر شامل ہیں جبکہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل سعید احمد شیخ کمیٹی کی سپرویژن کریں گے۔
ذرائع کے مطابق تھانہ گجر پورہ میں متاثرہ خاتون کے زیادتی مقدمے میں 7 اے ٹی اے کی دفعات شامل ہونے کے بعد کمیٹی تشکیل دی گئی۔ سرکاری وکلا کی ٹیم انسداد دہشتگردی عدالت میں چالان داخل ہونے سے قبل پولیس کو قانونی معاونت فراہم کرے گی۔ تین رکنی ٹیم مقدمہ کے چالان تک استغاثہ کی شہادتوں کو مضبوط کرنے کے حوالے سے پولیس کو قانونی مشورے دے گی۔