"الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرنے والے دھاندلی کے پروردہ ، ای وی ایم نظام سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو سیاسی موت نظر آ رہی ہے"

"الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرنے والے دھاندلی کے پروردہ ، ای وی ایم نظام ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ریاست آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے صدر سردار تنویر الیاس خان نےکہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،تحریک انصاف اُنہیں ہرصورت ووٹ کاحق دے گی،الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کومتنازعہ بنانےوالی اپوزیشن جماعتیں ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتیں،ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے انتخابات جیتنے والی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو شفاف الیکشن کی تکلیف ہو رہی ہے،پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ دھاندلی کون چاہتا ہے اور شفافیت کون ؟۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کی امیدیں وزیراعظم عمران خان سے وابستہ ہیں ،اوورسیز پاکستانی ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط کرنے کے لئے ہمیشہ صف اول میں کھڑے ہوئے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں ہر صورت ووٹ کا حق دیا جائےگا ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین اسی وعدے کی جانب پہلا قدم ہے،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی جانب سے ای وی ایم کی  مخالفت اسی وجہ سے کی جا رہی ہےکہ ان دونوں جماعتوں کو  یقین ہے کہ اگر ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نظام رائج ہو گیا تو وہ کسی صورت الیکشنز نہیں جیت سکیں گی،ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات عائد کئے،وزیراعظم عمران خان ای وی ایم کے ذریعے"نیوٹرل ایمپائر"لانا چاہتے ہیں جو ان دونوں جماعتوں کی موت ہے،نام نہاد مزاحمت کے بیانئے کا چورن اب پاکستان میں نہیں بکے گا ،مزاحمت کے نام پر مفاہمت کے لئے ترلے کئے جا رہے ہیں لیکن حکومت ملکی دولت لوٹنے والوں کو کوئی این آر او نہیں دے گی۔ 

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق ڈیلیور کر کے دکھائیں گے،ہم آزاد کشمیر میں احتساب کا موثر نظام لا رہے ہیں ،کسی کو بھی کرپشن نہیں کرنے دیں گے، تحریک انصاف کرپشن کے خاتمے اور سخت احتساب کے نعرے کو اپنا منشور رکھتی ہے ،پارٹی قائدعمران خان نے دوٹوک پیغام دے دیا ہے کہ ریاست کے کسی ادارے میں کرپشن ہوتی نظر آئی تو ملوث عناصر کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا اورکسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -