جانوروں کی خوراک میں نمک او رمنرل مکسچرکا استعمال ضروری

جانوروں کی خوراک میں نمک او رمنرل مکسچرکا استعمال ضروری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل  آباد  (اے پی پی):جانوروں کی خوراک میں نمک اور منرل مکسچر کا استعمال نہ صرف جانوروں کی صحت کا ضامن ہے بلکہ ان سے دودھ اور گوشت کی بہترین پیداوار کا بھی ذریعہ ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اشفاق احمد انجم نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع جھنگ،چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد میں موجود 16 لائیو سٹاک سہولت سنٹرز اپنے صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ لائیو سٹاک سہولت سنٹرز ہر ضلع و تحصیل کی سطح پر قائم کئے گئے ہیں جہاں انمول ونڈا،انمول منرل مکسچر،نمک اور یوریا مویسز بلاک میسر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تمام پراڈکٹس گورنمنٹ پنجاب کے لائیو سٹاک فارمز سے بنا کر پورے پنجاب میں فراہم کی جارہی ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ منرل مکسچر یا نمکیاتی آمیزہ علاقے میں نمکیات کی کمی و زیادتی کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے تاکہ جن علاقوں میں نمکیات کی کمی ہے ان علاقوں میں خصوصی نمکیاتی آمیزہ استعمال کیا جائے اس کے علاوہ گورنمنٹ کا ونڈا رعایتی قیمت پر ہائی پروٹین اور لو پروٹین ڈیری راشن کے نام سے ان سہولت سنٹرز پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوریا مویسز بلاک بھی جانوروں کی پروٹین کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے فراہم کیا جارہا ہے اور نمک کے ڈھیلے بھی سہولت سے مویشی پال حضرات کو فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سب کامقصد جانوروں کو ہائی کوالٹی پروٹین کے ساتھ ساتھ نمکیاتی اجزا کی فراہمی ہے کیونکہ نمک اور نمکیاتی آمیزہ نہ صرف جانوروں میں نمکیات کی کمی کو پورا کرتے ہیں بلکہ جانوروں کے نظام تولید کو بہتر بنا کر نسل کشی کے بہترین نتائج دیتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ یہ عمل بچہ پیدا کرنے والی گائے بھینسوں کی کیلشیم اور فاسفورس کی ضرورت پوری کرتا اور جانوروں کو بچے کی پیدائش کے وقت ملک فیور سے بچاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح حاملہ جانوروں کی صحت میں بہتری سے صحت مند بچوں کی پیدائش ممکن بناتا اور جانوروں میں نمکیات کی کمی پوری ہونے سے انکے دودھ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نمک کے ڈھیلے جانوروں کی کھرلیوں میں رکھنے سے صحت میں بہتری سے ویکسین کا بہتر اثر اور بیماریوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت کو ممکن بناتا ہے اس کے ساتھ ساتھ جانوروں کو جلدی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات کولازما نمک اور منرل مکسچر جانوروں کو استعمال کرانا چاہئے تاکہ جانور اپنی پیداوار صلاحت کے مطابق پیداوار دیں۔

مزید :

کامرس -