نان فائلرز کمرشل صارفین پر اضافی ٹیکس درست اقدام نہیں: انجمن تاجران
لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے آرڈیننس کے ذریعے گیس و بجلی کے نان فائلرز کمرشل صارفین پر5 سے17فیصداضافی ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے تاجروں کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے آئند ہ کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیاجائے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایسے سنجیدہ معاملات کو پارلیمنٹ میں لے کر جانے اور ان پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کرنے کی بجائے آرڈیننس کا اجراء آمرانہ رویہ ہے جسے کوئی بھی طبقہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ایسی کون سی ہنگامی صورتحال درپیش تھی کہ اسٹیک ہولڈرز کی تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لینا تک گوارہ نہیں کیاگیا اور آرڈیننس جاری کر دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں حکومت مہم جوئی کے ذریعے انہیں خوفزدہ نہ کر ے بلکہ اعتماد کی فضا قائم کی جائے۔ بجلی کے بلوں میں کیا کم ٹیکسز وصول کئے جارہے ہیں جو مزید ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پہلے نظام میں پیچیدگیاں دو رکرے۔
اور اسٹیک ہولڈرز سے ان کی مشکلات بارے پوچھاجائے۔ حکومت عالمی مالیاتی اداروں سے قرض کے حصو ل کیلئے ہر طبقے کی سانس بند کرنا چاہتی ہے جس کے انتہائی منفی نتائج برآمدہوں گے۔